ملعونہ آسیہ سے قادیانی ومودی نوازی تک حکومت غیر ملکی ایجنڈے پر ہے،محمد حسین محنتی

132
شکارپور: امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی رابطہ عوام مہم کے دوران بازار میں شہریوں سے ملاقاتیں کررہے ہیں
شکارپور: امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی رابطہ عوام مہم کے دوران بازار میں شہریوں سے ملاقاتیں کررہے ہیں

کراچی/شکارپور(اسٹاف رپورٹر+ نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی سندھ کے امیر وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ ملعونہ آسیہ مسیح سے لے کر قادیانی ومودی نوازی تک حکومت غیر ملکی ایجنڈے پر عمل پیرا ہے، قوم ناموس رسالتؐ قانون اور نظریہ پاکستان کے خلاف کوئی بھی سازش کامیاب نہیں ہونے دے گی، حکومت غربت کے بجائے غریب ختم کرو کی پالیسی پر عمل پیرا ہے،پوری انسانیت کی دین ودنیا کی کامیابی دین پر عمل کرنے میں ہے، دین سے دوری اور شیطانی نظام کی پیروی کی وجہ سے آج معاشرہ انارکی اور انسانیت مسائل کا شکار ہے، پورے عالم میں امن اور انسانیت کو قلبی سکون صرف غلبہ اسلام میں مل سکتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے شکارپور میں گھنٹہ گھر چوک اور گڑھی یاسین میں دعوت الی اللہ رابطہ عوام مہم کے سلسلے میں منعقدہ دعوتی کیمپ کے دورے ،اجتماعات سے خطاب اور میڈیا سے بات چیت کے دوران کیا، صوبائی نائب امیر حافظ نصراللہ عزیز،امیر ضلع عبدالرحمن منگریو،قیم عبدالفتاح سندھڑو،مقامی امیر صدرالدین مہر ،صبغت اللہ بروہی ودیگر ذمے داران بھی موجود تھے۔بعد ازاں امیر صوبہ نے کارکنان کے ہمراہ بازار میں گشت کرکے عوام کو رابطہ عوام مہم سے آگاہ کیا۔محمد حسین محنتی نے مزید کہا کہ دین بیزار لوگ نظریہ پاکستان اور توحید کو مٹانا چاہتے ہیں، ریاست مدینہ کی دعویدار حکومت کی سرپرستی میں بے حیائی کو فروغ، سینما گھروں کو سبسڈی تو دوسری جانب مسجد ومدارس کے قیام پر پابندیاں لگائی جارہی ہیں،اسلام اقلیتوں کی جان ومال کی حفاظت کا ضامن ہے، گھوٹکی کی نومسلم بہنوں کے عدالتی فیصلے نے اسلام ومسلمانوں کے خلاف پروپیگنڈا جھوٹا ثابت کردیا ،اس لیے اسلام کا راستہ روکنے والوں کو ناکامی ہوگی۔ صحافیوں کے ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ سندھ ایک ہے اور ایک رہے گا،صوبے کی تقسیم کا شوشہ مہنگائی سمیت عوام کے سلگتے مسائل سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے،ہر حکومت کا حصہ رہنے والی متحدہ قیادت ادھر اُدھر کی بات کرنے کے بجائے بجلی، پانی، ٹرانسپورٹ سمیت عوام کے مسائل حل کرنے کی قوم کو اپنی کارکردگی بتائے،عوام کو اچھی طرح معلوم ہے کہ بھتا خوری،بوری بند لاشیں اور نفرتوں کی سیاست کو کس نے فروغ دیا۔قبل ازیں انہوں نے جیکب آباد میں چیمبر آف کامرس کے استقبالیے سے خطاب،جامع مسجد پیر بخاری کے خطیب سید امیر علی شاہ، پی ٹی آئی سندھ کے نائب صدر راجا خان جکھرانی،ممتاز دانشور وکالم نگار ملک الطاف، پیپلزپارٹی کے ضلعی صدر لیاقت خان لاشاری، پیپلزپارٹی شہید بھٹو گروپ کے صدر ندیم قریشی، ڈسٹرکٹ پریس کلب کے سابق صدر زاہد حسین رند سے الگ الگ ملاقات کرکے جماعت اسلامی کی دعوت الی اللہ رابطہ عوام مہم سے آگاہ کیا۔