حافظ نعیم الرحمن کا کورنگی کا دورہ، تاجروں اور عوام سے ملاقاتیں

90

کراچی(اسٹاف رپورٹر )امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ تبدیلی نعروں سے نہیں جدوجہد کے ذریعے آتی ہے ۔ زمینی خداؤں کے سامنے کلمہ حق کہنا جہاد سے کم نہیں ہے، عوام کے ٹیکسوں پر پلنے والے حکمرانوں نے عوام کو دو وقت کی روٹی اور پینے کے صاف پانی سے بھی محروم رکھا ہوا ہے ، شدید گرمی میں کے الیکٹرک ایک بار پھر لوڈشیڈنگ کا عذاب عوام پر مسلط کر رہی ہے ، عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں، پاکستان کو بحران سے ہم ہی نکال سکتے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مہران ٹاؤن کورنگی میں رابطہ عوام مہم کے سلسے میں عام لوگوں ، دکان داروں ، رکشہ، ٹیکسی ڈرائیوروں اور نوجوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر امیر زون کورنگی غربی منصور فیروز،نائب امراء سید آصف علی ،سیداورنگزیب حیدر ، سیکرٹری ہلال احمد ودیگر بھی موجود تھے ۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ 70 سال سے اس ملک میں اشرافیہ کی حکمرانی ہے ۔جنہوں نے قوم کی دولت کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اب کوئی راستہ نہیں ہے، مظلوموں کو اب ظالموں اور لٹیروں کے خلاف متحد ہونا ہوگا اور ظلم کے نظام کا خاتمہ کرنا ہوگا ۔ بڑھتی ہوئی مہنگائی غربت بے روزگاری نے غریب عوام کو دیوار سے لگا دیا ہے ، غریب لوگوں کے بچے تعلیم اورصحت جیسی بنیادی ضرورت سے محروم ہیں ۔لوگ چہرے بدل بدل کر اقتدار پر قابض ہوجاتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی رابطہ عوام مہم مظلوموں اور کمزوروں کی داد رسی کرے گی اور ہم ملک میں اسلامی اور فلاحی انقلاب برپا کرنا چاہتے ہیں ۔ہم چہروں کے بجائے نظام کو تبدیل کرنا چاہتے ہیں اور نظام کی تبدیلی ہی پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی جانب گامزن کرے گی ۔