ہزارہ برادری ہماری نیت پر شک نہ کرے،شہریار آفریدی

118

وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے کہا کہ ہزارہ برادری ہماری نیت پر شک نہ کرے اور کوئٹہ دھماکے کے ذمہ دار افراد چاہیں جتنے طاقتور ہوں انہیں سزا ملے گی۔

شہریار آفریدی نے کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہزار گنجی واقعہ پر انتہائی افسوس ہے اور میں وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے واقعہ کی تعزیت کرنے آیا ہوں، شہریار آفریدی نے کہا کہ غلطی کرنے والے جتنا مرضی طاقتور ہو اسےسزاملےگی، کوئی شک نہیں کہ ہزارہ برادری پر ظلم ہوا ہے، ہزارہ برادری سے استدعا ہے کہ ہماری نیت پر شک نہ کریں،  دہشتگردی میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے ہر حد تک جائیں گے، وزیر اعظم کا عزم ہے کہ بلوچستان کی محرومیاں دور ہوں۔

وزیر مملکت برائے داخلہ نے کہا کہ دشمن پاکستان کو بلیک لسٹ میں لانا چاہتے ہیں اور عدم استحکام کا شکار کرکے بکھیرنا چاہتے ہیں، لیکن ہم اتفاق اور یکجہتی سے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے والوں کو ناکام کریں گے۔شہریار آفریدی  نے کہا کہ دشمن ہمیں   مختلف بنیادوں پر لڑانے کی کوشش کررہا ہے، ہم دشمن کی سازشوں کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ دشمن پاکستان کو ہر سطح پر نقصان پہنچانا چاہتا ہے،ہمیں کسی کا خوف نہیں ہے اور نہ ہی ہمیں کسی کے اشارے پر چلنا ہے،ہم ملک کو امن کا گہوارہ بنائیں گے۔

قبل ازیں شہریار خان آفریدی نے کوئٹہ میں بم دھماکے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے ملاقات کی،افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مقتولین کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔