کراچی سے داعش کے 5 مبینہ دہشت گرد گرفتار

109

کراچی پولیس نے تیسر ٹاؤن سے کالعدم تنظیم داعش کے 5 دہشت گردوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے دستی بم، اسلحہ اور لیپ ٹاپ برآمد کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں گلشن معمار پولیس نے تیسر ٹاؤن میں خفیہ اطلاع پر  کارروائی کرتے ہوئےکالعدم تنظیم داعش کے 5 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتارکرلیا۔ گرفتار دہشت گردوں کی شناخت عبداللہ عرف حمزہ، وسیم، نوید، وقار اور مدثر  کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس نے دہشتگردوں کے قبضے سے دستی بم اور اسلحے کے علاوہ لیپ ٹاپ بھی برآمد کرلیے ہیں۔

پولیس کے مطابق ملزمان سوشل میڈیا کے ذریعے لوگوں کو داعش میں شمولیت کے لئے ذہن سازی اور مختلف طریقوں سے ترغیب دیتے تھے۔

ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر علی کا کہنا ہے کہ پولیس نے دہشتگردوں کو انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر ایک کمپانڈ سے کامیاب آپریشن کے بعد گرفتار کیا ہے، ملزمان کے خلاف دہشت گردی اور ٹیلی گراف ایکٹ سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمات کا اندراج کرکے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے جب کہ پولیس ملزمان کا کرائم ریکارڈ اکھٹا کررہی ہے۔