مہنگائی نے غریبوں کی کمر توڑ دی ہے

290

ہمارے ملک میں ایک بہت بڑا مسئلہ مہنگائی ہے جس کی وجہ سے غریب عوام بہت پریشان ہیں۔ غربت اور مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی ہے۔ لیکن ہمارے حکمرانوں کو اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا اور وہ اپنی سیاست چمکانے کی دوڑ میں لگے ہوئے ہیں۔ غریب کا بچہ چھوٹی سی عمر میں کام کرنے پر مجبور ہے۔
زبیدہ، طوبیٰ قمر علی، اقرا یاسین، منظور کالونی
خودکشی اور طلاق کی شرح میں اضافہ
ٹی وی چینلوں پر ڈراموں میں خواتین کی بے راہ روی اور نوجوان نسل کی کردار کشی کی جارہی ہے۔ ان ڈراموں اور اخلاق باختہ مناظر کی وجہ سے خودکشی کا رجحان بڑھا ہے اور طلاق کی شرح میں ناقابل یقین حد تک اضافہ ہوا ہے۔ معاشرتی برائیاں ختم اسی طریقے سے ہوسکتی ہیں کہ میڈیا اپنا صالح کردار ادا کرے۔ ایسی چیزوں کو دکھایا جائے جن کے ذریعے معاشرے میں صالحیت پیدا ہوسکے۔ جینز کلچر اور بے راہ روی ختم ہوسکے، اس سلسلے میں پیمرا اور دیگر اداروں کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
اُم حبیبہ، لیاقت آباد، کراچی
وزیراعظم صاحب عوام پر رحم کریں
وزیراعظم عمران خان صاحب آپ نے الیکشن سے پہلے اپنی تقاریر میں بہت دفعہ کہا کہ ہم غریب عوام پر سے بوجھ ختم کریں گے۔ لیکن آپ کی حکومت کے آتے ہی مہنگائی کا جو بم عوام کے کندھوں پر گرا اس کی آپ سے کوئی اُمید نہیں تھی۔ آپ خود بھی جانتے ہیں بڑے بڑے سیاستدان کرپشن میں بُری طرح ملوث ہیں، ان لوگوں نے ملک و قوم کو بُری طرح لوٹا ہے۔ لہٰذا لوگوں کو گرفتار کرکے اُن کی جائدادیں ضبط کی جائیں۔ بیرون ملک سے لوٹا ہوا پیسا واپس لایا جائے اور قومی خسارے کو انہی لوگوں کی دولت سے پورا کیا جائے۔ برائے مہربانی عوام کے حال پر رحم کریں اور کرپشن کے خلاف سخت ایکشن لیں۔
سعدیہ شعیب