“شیخ رشید کو نااہل کیا جائے”

237

اسلام آباد: عائشہ گلالئی نے شیخ رشید کے ویڈیو بیان پر ان کی نااہلی کے لیے درخواست الیکشن کمیشن میں دائرکردی۔

تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی(گ)کی سربراہ عائشہ گلالئی نے درخواست میں موقف اختیارکیا ہے کہ وزیر ریلوے شیخ رشید نے اپنے ویڈیوبیان میں آئین پاکستان کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بیان میں کہا کہ مندروں میں گھنٹیاں نہیں بجیں گی۔

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ شیخ رشید کے ویڈیو پیغام سے پاکستانی عوام کو اقلیتوں کے خلاف اشتعال دلائے جانے کا خطرہ ہے۔ ایسا بیان دے کربطورممبر قومی اسمبلی اور وفاقی وزیراپنے عہدے کے حلف کی خلاف ورزی کی ہے جس پرانہیں قومی اسمبلی کی رکنیت سے نااہل کیا جائے۔

دوسری جانب عائشہ گلالئی نے میڈیا سے گفتگومیں کہا کہ شیخ رشید نے ہندووں کے بارے متعصبانہ بیان دیا۔ ہمارا مسئلہ نریندر مودی کے ساتھ ہے ہندووں کے ساتھ نہیں۔

انہو ں نے کہا کہ شیخ رشید نے نریندر مودی کی طرح عوام کو اشتعال دلایا۔ شیخ رشید کو گلی محلوں کی باتیں تو آتی ہیں لیکن کام کی بات نہیں آتی۔

عائشہ گلالئی نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی وزیراعظم نے لیڈرشپ کا مظاہرہ کیا ہے۔ ہمارے حکمران باہر کی دنیا سے ہی کچھ سیکھ لیں۔ الیکشن کمیشن سے شیخ رشید کی 62 اور 63 کے تحت نااہلی کی استدعا ہے۔