جہاد پر یقین رکھتا ہوں مدارس کی طرف قدم میری لاش سے گزرے گا،شیخ رشید

276
لاہور، وزیر ریلوے شیخ رشید میڈیا نمائندوں سے گفتگو کررہے ہیں
لاہور، وزیر ریلوے شیخ رشید میڈیا نمائندوں سے گفتگو کررہے ہیں

لا ہور (نمائندہ جسارت) وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ جہاد پر یقین رکھتا ہوں‘ مدارس کی طرف قدم میری لاش سے گزرے گا‘ بلاول زرداری کو 2 بار معاف کیا ہے لیکن تیسری بار معاف نہیں کروں گا‘شہباز شریف کو این آر او مانگتے ہوئے دیکھا ہے‘ شہباز شریف وکٹ کے دونوں جانب کھیلنا جانتے ہیں۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہو ئے وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ عمران خان کے پاس ڈھیل اور ڈیل کی کوئی گنجائش نہیں‘ چور، ڈاکو اور لٹیرے منہ چھپائے پھر رہے ہیں‘ یہ لوگ حکمران ہوں تو ٹارزن بنے پھرتے ہیں لیکن4 دن بھی جیل میں نہیں رہ سکتے‘ انہیں پاکستان کی دوائیں اور ڈاکٹرز پسند نہیں ہیں‘ ان کو اسپتال کے بستروں سے بدبو آتی ہے‘ ان کا ایشو ہے کہ مال کمانا اور لندن جانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی والے چاہتے ہیں‘ ان کے سارے کیس سندھ میں لگیں جب کہ ن لیگ والے چاہتے ہیں ان کے کیس لاہور میں لگیں‘ بختاور یا مریم کچھ بھی کہیں‘ میر ے لیے مناسب نہیں کہ انہیں جواب دوں۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ 30 مارچ کو وزیراعظم عمران خان لاہور ریلوے اسٹیشن سے جناح ایکسپریس کا افتتاح کریں گے‘ تافتان کوئٹہ 700 کلومیٹرا سٹینڈرڈ گیج پر نیاٹریک ڈالا جائے گا جس پر کم از کم 160 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ٹرین چلے گی‘ درگئی سے نوشہرہ اور نوشہرہ سے کراچی لنک شروع کر رہے ہیں‘ جس کی آئندہ ہفتے ٹرائل پر مانیٹرنگ کروں گا‘ مسترد شدہ 69 چینی انجنوں میں سے 5 کو پائلٹ پروجیکٹ کے تحت رسالپور میں ٹھیک کر رہے ہیں جبکہ 5 لوکوموٹیو کو ایل این جی پر ٹرانسفر کیا جا رہا ہے جس کی کامیابی کے بعد آئل کی مد میں 18ارب روپے کے اخراجات کم ہو کر 9 سے 10 ارب رہ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے20 پہلے ٹرینیں چلائیں اور اب 20 مزید ٹرینیں چلانے جا رہے ہیں جبکہ فریٹ ٹرینوں کی تعداد بھی8 سے بڑھ کر 14 ہو گئی ہے‘ اسی طرح 4 فریٹ ٹرینیں نجی شعبہ کو دے دی گئی ہیں جن سے ہم صرف ٹریک کے پیسے وصول کریں گے۔