قانون کی حکمرانی پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا‘شہریار آفریدی

117

کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیر مملکت برائے امور داخلہ شہریار آفریدی نے کہاہے کہ سیاستدانوں اور جماعتوں کو اپنانقطہ نظر پیش کرنے کی پوری آزادی ہے،قانون کی حکمرانی پر کوئی سمجھوتانہیں ہوگا، کراچی ایک بار پھر روشنیوں کا شہر بن گیا ہے۔ وہ پیر کو کراچی کے علاقے لیاری اورگڈاپ کے نادرا سینٹر کے اچانک دورے کے موقع پرصحافیوں سے گفتگو کررہے تھے۔ وزیرمملکت نے نادرا کے صوبائی ہیڈآفس میں اجلاس کی صدارت بھی کی۔اس موقع پر چیئرمین نادرا اور ڈی جی نادرا سندھ نے وزیر مملکت کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کراچی میں نادرا دفاتر میں سہولیات کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔کراچی سمیت اندرون سندھ نادرا کے نئے دفاتر کھولے جارہے ہیں۔نادرا حکام نے بتایا کہ نادرا کے انفراسٹرکچر میں بہتری لائی جارہی ہے۔ ون ونڈو سہولت کے ذریعے صارفین کا قیمتی وقت بچے گا۔ایک گھنٹے سے زاید کے دورانیے کو 10 منٹ میں لانے کے اقدامات کیے جارہے ہیں۔وزیر مملکت برائے امور داخلہ شہریار آفریدی نے کہاکہ جن شہریوں کے قومی شناختی کارڈ کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے نادراانہیں قومی شناختی کارڈ جاری کرنے کے لیے قانون کے مطابق سہولیات مہیا کرے۔