نیوزی لینڈ میں مساجد پر حملے، پاکستان کی شدید الفاظ میں مذمت

259

اسلام آباد: ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹرمحمد فیصل نے نیوزی لینڈ میں ہونے والی مسجد میں فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے۔

یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کے شہرکرائسٹ چرچ کی مساجد میں فائرنگ سے 40 سے زائد نماشی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔ جب کہ بنگلادیش کی کرکٹ ٹیم اس حملے میں محفوظ رہی جو مسجد میں نماز ادا کر رہی تھی۔

وزیراعظم عمران خان نے ٹویٹ کرتے ہوئے اسے 11 ستمبر کے حملے کے بعد دنیا بھر میں پھیلنے والے مسلمان مخالف جذبات (اسلامو فوبیا) کا شاخسانہ قرار دیا۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ یہ حملہ ہمارے موقف کی تائید کرتا ہے کہ ’دہشت گردی کا کوئی مذہب نہیں ہوتا‘۔
اس کے ساتھ ان گھناؤنے حملوں کے نتیجے میں ہونے والے معصوم جانوں کے زیاں پر تعزیت بھی کی اور اہلِ خانہ سے ہمدری کا اظہار کیا۔

دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ میں پاکستانی حکام سے رابطے میں ہیں۔ حملے میں کسی پاکستانی کے جاں بحق یا زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ملی، نیوزی لینڈ میں زیر تعلیم طلبہ کے ساتھ رابطے کی بھی کوشش کر رہے ہیں۔

پاکستان نے نیوزی لینڈ میں ہائی کمیشن کے پولیٹیکل منسٹر سید معظم کو فوکل پرسن مقرر کر دیا ہے، نیوزی لینڈ میں مقیم پاکستانیوں کی خیریت کے بارے براہ راست ان سے رابطہ کر کے معلوم کیا جا سکتا ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مساجد میں دہشتگردی کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

وزیر اطلاعات فواد چودھری نے بھی کہا ہے کہ پاکستانی عوام کی ہمدردیاں نیوزی لینڈ کی عوام کے ساتھ ہیں، بنگلادیش کرکٹ ٹیم حملے میں محفوظ رہی، پاکستان بھی کچھ سال قبل ایسی ہی صورتحال سے متاثر ہوا تھا، اس لئے ہم اس درد کو سمجھ سکتےہیں۔

یاد رہے نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں 2 مساجد پر فائرنگ کے نتیجے میں 40 سے زائد افراد کے شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔ مسلح شخص نماز جمعہ کے بعد مسجد میں داخل ہوا اور خود کار ہتھیار سے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ حملہ آور نے کئی بار گن ری لوڈ کی اور مختلف کمروں میں جا کر فائرنگ کرتا رہا۔

مقامی میڈیا کے مطابق حملہ آور اس دوران ہیلمٹ پر لگے کیمرے سے ویڈیو بناتا رہا اور انٹرنیٹ پر براہ راست دکھاتا رہا۔ نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آڈرن نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے ملک کا سیاہ ترین دن قرار دیا اور کہا مسجد پر فائرنگ کا واقعہ دہشتگردی ہے۔

پولیس نے ایک شخص کو حراست میں لے کر گاڑی سے اسلحہ برآمد کرلیا۔ حکام نے آج کے دن کرائسٹ چرچ پر سفر کی پابندی لگا دی جبکہ لوگوں کو مساجد سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔ شہر میں گرجا گھروں اور سکول بند کر کے ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے واقعے میں متعدد افراد کو گولیاں لگی ہیں جن کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

ترجمان دفترخارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان نے نیوزی لینڈ کے شہرکرائسٹ چرچ کی مسجد میں ہونے والی دہشت گردی کی مذمت کی ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ دہشت گرد حملے کی تفصیلات معلوم کی جارہی ہیں جبکہ پاکستانی ہائی کمیشن نقصانات کے جائزہ کیلئے مقامی حکام سے رابطے میں ہے۔