امریکا میں برفانی طوفان اور سیلاب سے راستے بند‘ بجلی منقطع

99
شکاگو: بارش اور سیلاب کے بعد امدادی کارروائیاں کی جارہی ہیں
شکاگو: بارش اور سیلاب کے بعد امدادی کارروائیاں کی جارہی ہیں

شکاگو (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا کی 4 ریاستوں نبراسکا، کولاراڈو، آئیووا اور وائیومنگ میں شدید آندھی، برفانی طوفان اور سیلاب کے نتیجے میں راستے بند ہو گئے ہیں جب کہ بجلی کی فراہمی کا سلسلہ بھی منقطع ہو گیا ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق موسم کی خراب صورت حال کے باعث پھنسے ہوئے لوگوں کو نکالنے کی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے جبکہ ریاست کولاراڈو کی انتظامیہ نے ہنگامی حالت کا اعلان کر دیا ہے۔ ڈینفر کے ہوائی اڈے پر رن ویز بند ہونے کے سبب 1400 سے زیادہ پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ ڈینفر پوسٹ اخبار کے مطابق شدید برف باری اور طوفانی آندھی کی وجہ سے لاکھوں افراد بجلی کی فراہمی سے محروم ہو چکے ہیں۔ دوسری جانب پڑوسی ریاست نبراسکا کے گورنر کا کہنا ہے کہ موسم کی خراب صورت حال آیندہ چند روز تک جاری رہنے کی توقع ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ بہت سے مقامات پر سیلابی صورت حال کے باعث پھنسے ہوئے لوگوں کو نکالے جانے کا کام کیا جا رہا ہے ساتھ ہی ریاست میں شدید سیلاب کے اندیشے کے پیش نظر نیشنل گارڈز کو بھی ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ یہ موسمی حالات انتہائی سنگین اور شدید ہو سکتے ہیں۔ اُدھر ریاست وائیومنگ کے اخبار وائیومنگ ٹریبیون ایگل کے مطابق اسکولوں، کمپنیوں اور حکومت کے دفاتر بند کردیے گئے ہیں۔ دریں اثنا امریکی ریاست ٹیکساس کے مختلف شہروں میں طوفانی ہواؤں کے جھکڑ نے نظام زندگی درہم برہم کردیا۔