نیوزی لینڈ مسجد حملہ: پانچ پاکستانیوں کی گمشدگی کا انکشاف

246

کرائسٹ چرچ میں دو مسجدوں پر حملے کے بعد سے پانچ پاکستانی نژاد افراد کی گمشدگی کا انکشاف ہوا ہے۔

تفصیلات کے مطابق دہشت گردی کے واقعے کے بعد گمشدہ ہونے والوں میں 36 سالہ محمد سہیل شاہد، 26 سالہ سید اریب احمد، 34 سالہ سید جہاں دید علی، 24 سالہ طلحہٰ نعیم اور محمد زاہد شامل ہیں۔

نیوزی لینڈ میں پاکستانی ہائی کمیشن نے خبر کی تصدیق کی اور بتایا کہ ہائی کمیشن پانچوں افراد کے اہلخانہ سے رابطے میں ہے۔

دہشت گردوں کی فائرنگ سے حافظ آباد کا رہائشی محمد امین بھی زخمی ہوا جو اپنے بیٹے کے ہمراہ نماز جمعہ پڑھنے گیا تھا۔

محمد امین کو سینے اور پسلیوں میں دو گولیاں لگیں، وہ کرائسٹ چرچ کے اسپتال میں زیر علاج ہیں۔

محمد امین کے بیٹے یاسر امین کے مطابق وہ والد کے ساتھ نماز پڑھنے گئے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ حملہ آور نے مسجد کے باہر سے ہی فائرنگ شروع کر دی تھی۔

نیوزی لینڈ میں نامعلوم مسلح شخص  نے نماز جمعہ کی ادائیگی کے لیے مسجد میں موجود افراد پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 49 افراد جاں بحق جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے۔