فلسطین بھر میں جمعہ دفاع قبلہ اول منانے کا اعلان

185

فلسطینی جماعتوں نے مسجد اقصیٰ کے خلاف صہیونی سازشوں کے خلاف اور مقدس مقام کے تاریخی اور اسلامی تشخص کے دفاع کے لیے ملک بھر میں ‘نفیرعام’ کا اعلان کیا ہے۔

حماس کی طرف سے غزہ کی پٹی، غرب اردن ، القدس اور اندورن فلسطین میں دفاع قبلہ اول ریلیوں اور جلسے جلوسوں میں شہریوں سے بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق فلسطینیوں‌ کی نمائندہ جماعتوں کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ مسجد اقصیٰ کے ‘باب رحمت’ میں صہیونی فوج کی یلغار اور فلسطینیوں کو نماز کی ادائیگی سے محروم رکھنے کی سازش، قبلہ اول کو یہودیانے اور مسلمانوں کے اس تیسرے مقدس ترین مقام کی روز مرہ جاری بے حرمتی کے خلاف پوری قوم کو متحد ہونا ہوگا۔

حماس، اسلامی تحریک مزاحمت اور اسلامی جہاد سمیت دیگر فلسطینی جماعتوں نے نفیر عام کی حمایت کرتے ہوئے عوام سے جمعہ کے روز دفاع قبلہ اول ریلیوں کے انعقاد کے ساتھ ساتھ اسرائیلی چیک پوسٹوں کے قریب جمع ہو کر نماز ادا کرنے اور صہیونی ریاست کے مظالم کے خلاف آواز بلند کرنے کی اپیل کی ہے۔

دوسری جانب صہیونی ریاست میں ہیکل سلیمانی کے لیے سرگرم صہیونی تنظیموں نے جمعرات کی شام مسجد اقصیٰ پر دھاوا بولنے اور باب رحمت میں داخل ہونے کی مذموم مہم شروع کی ہے۔