تبدیلی سرکار نے مہنگائی کا ریکارڈ توڑڈالا ،محمد حسین محنتی

197

کراچی(اسٹاف رپوٹر) جماعت اسلامی سندھ کے امیرو سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ تبدیلی سرکار کے تمام تر وعدوں کے باوجود مہنگائی کا 5 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے، ڈالر کی اڑان روپے کی بے قدری سے مہنگائی کے طوفان نے عوام کی زندگی اجیرن بناکر رکھ دی ہے، شریعت کا نظام اور دیانتدار قیادت ہی مہنگائی سمیت عوام کو تمام مسائل سے نجات دلاسکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قبا آڈیٹوریم میں نظم صوبہ کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ اجلاس میں امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کے دورہ تھر ،22تا24 مارچ منصورہ ہالا میں ہر سطح کے ذمے داران کی سہ روزہ تربیت گاہ اور دعوت الی اللہ رابطہ عوام مہم کے جائزے سمیت دیگر امور پر غور وآئندہ کی منصوبہ بندی کی گئی۔ محمد حسین محنتی نے کہا کہ حکومتی دعوؤں کے برعکس بجلی ،گیس اور پیٹرول کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے عوام کو پریشان کردیا ہے، موجودہ حکومت بھی سابق حکومتوں کے نقش قدم پر چلتے ہوئے قومی مفاد اور عوامی مشکلات کے بجائے آئی ایم ایف وعالمی مالیاتی اداروں کی ڈکٹیشن پر عوام پر مہنگائی کی بمباری کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کرپشن فری اور اسلامی پاکستان کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی، اسلام کے عادلانہ نظام میں ہی ملک ترقی اور عوام کو اپنے حقوق مل سکتے ہیں،70 سال سے تمام نظام ناکام ثابت ہوئے جنہوں نے بھوک وافلاس،بدحالی،مہنگائی اور محرومیوں کے سوا کچھ بھی نہیں دیا ہے۔