گلیڈی ایٹرز فائنل میں پہنچ گیا، زلمی کو 10 رنز سے شکست

122

کراچی (رپورٹ:سید وزیرعلی قادری)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پلے آف مرحلے کے کوالیفائر میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اعصاب شکن مقابلے کے بعد پشاور زلمی کو 10 رنز سے شکست دے کر تیسری مرتبہ پی ایس ایل کا فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ کے 187 رنز کے تعاقب میں پشاور زلمی کی ٹیم 7 وکٹوں پر 176 رنز بنا سکی‘ 90 پر نصف ٹیم پویلین لوٹ جانے کے بعد بظاہر گلیڈی ایٹرز کی کامیابی آسان دکھائی دے رہی تھی لیکن اس موقع پر کپتان سیمی اور پولارڈ نے دھواں دھار بیٹنگ کرتے ہوئے 83 رنز کی پارٹنرشپ قائم کرکے جیت کی امید پیدا کی، آخری اوور میں جب زلمی کو 21 رنز درکار تھے توایک سال بعد ٹی ٹوئنٹی میں پہلا اوور کرانے والے شین واٹسن نے تجربے کو بروئے کارلاتے ہوئے نہ صرف خطرناک بیٹسمین پولارڈ کو بولڈ کیا بلکہ صرف 10 رنز دے کر ٹیم کو فتح دلا دی۔ڈیرن سیمی 46 اور پولارڈ 44 رنز بنا کر نمایاں رہے‘ کامران اکمل 22، امام الحق 23، صہیب مقصود 7، مصباح الحق 18 اور ڈاؤسن 5 رنز بنا کر پویلین لوٹے جب کہ وہاب ریاض صفر اور حسن علی 3 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد حسنین نے 2، محمد نواز، حسن علی، روسو اور شین واٹسن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے ٹاس جیت کر گلیڈی ایٹرز کو بیٹنگ کی دعوت دی‘ کوئٹہ کا آغاز اچھا نہتھا‘ صرف 3 رنز پر اس کی پہلی وکٹ احمد شہزاد کی صورت میں گری جو ایک رن بنا کر بولڈ ہوگئے تاہم پہلے نقصان کے بعد شین واٹسن اور احسن علی نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 111 رنز کی قیمتی پارٹنرشپ قائم کی‘ شین واٹسن 71 رنز پر وہاب ریاض کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔اس کے بعد وکٹیں گرنے کا سلسلہ شروع ہوگیا تاہم گلیڈی ایٹرز نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 186 رنز بنا لیے‘ احسن علی 46، روسو 11، عمر اکمل 22 اور سرفراز احمد 12 رنز بنا کر پویلین لوٹے جب کہ براؤ 12 اور محمد نواز 2 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔پشاور زلمی کی جانب سے وہاب ریاض نے 2، حسن علی، ملز، پولارڈ اور ثمین گل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے تیسری بار فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کیا ہے تاہم وہ ایک بار بھی ٹائٹل اپنے نام نہیں کرسکی جب کہ دفاعی چیمپین پشاور زلمی کے پاس فائنل میں پہنچنے کے لیے ایک اور موقع موجود ہے۔