پی ایس ایل ایلیمنیٹر: کراچی کنگز کی اسلام آباد یونائیٹڈ کیخلاف بیٹنگ

150

کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 4 کے ایلیمنیٹر میچ میں کراچی کنگز کی اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف بیٹنگ جاری ہے۔

نیشنل اسٹڈیم کراچی میں کھیلے جا رہے میچ میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ کراچی کی جانب سے اننگز کا آغاز بابر اعظم اور کولن منرو نے کیا۔

آج کا میچ دونوں ٹیموں کے لیے انتہائی اہم ہے اور ہارنے والی ٹیم ایونٹ سے باہر ہو جائے گی۔

شائقین کو کراچی کنگز کی ٹیم میں کولن انگرم، عمر خان، محمد عامر اور شاہین شنواری سے بھرپور امیدیں ہیں جب کہ اسلام آباد یونائیٹڈ میں جیت کے لیے شائقین کی نظریں لیوک رونکی، شاداب خان، کیمرون ڈیلپورٹ اور فھیم اشرف پر لگی ہیں۔

دونوں ٹیمیں ایونٹ کے 5،5 میچز جیت چکی ہیں اور دونوں کے پاس 10،10 پوائنٹس ہیں تاہم پوائنٹس ٹیبل پر اسلام آباد یونائیٹڈ تیسرے اور کراچی کنگز چوتھے نمبر پر ہے۔

آج کے میچ کی فاتح ٹیم گزشتہ روز کوالیفائر میں شکست کھانے والی ٹیم پشاور زلمی سے جمعہ کو مقابلہ کرے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے درمیان سنسنی خیز کوالیفائر مقابلہ ہوا جس میں گلیڈی ایٹرز نے زلمی کو 10 رنز سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی ہے۔