وزیراعظم ودیگر سیاسی جماعتوں نے وعدے کئے مگر الخدمت نے عملی طور پر تھرپارکر کے عوام کو الخدمت ہسپتال کا ایک بہترین تحفہ دیا ہے، سینیٹر سراج الحق

104

امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک میں صحیح اور بلاتفریق احتساب ہوا تو حکومتی کیبنٹ سمیت پارلیمنٹ میں موجود ارکان کی اکثریت جیلوں میں ہوگی، اسلامی انقلاب کے بغیر غربت وافلاس سے نجات سمیت تھرپارکر کی عوام قسمت تبدیل نہیں ہوسکتی ،

وزیراعظم ودیگر سیاسی جماعتوں نے وعدے کئے مگر الخدمت نے عملی کام کرکے تھرپارکر کے عوام کو الخدمت ہسپتال کا ایک بہترین تحفہ دیا،الخدمت ہسپتال میں ڈاکٹر ودیگر عملہ کا خدمت خلق کا جذبہ اور تھرکے عوام کی خوشیاں دیکھ کردلی خوشی اور قلبی سکون ملا، ایک سو فیصد مفت علاج اور مریضوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی منتظمین کا بہترین کارنامہ ہے ، جماعت اسلامی اور الخدمت بلاتفریق اور انسانیت کی خدمت کے جذبے کے ساتھ تھر سمیت سندھ کے عوام کی خدمت کرتی رہے گی، الخدمت ہسپتال تھرپارسمیت پورے ملک میں اپنی مثال آپ ہے، 

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مٹھی میں 60بیڈز پر مشتمل ہسپتال کا دورہ اور اس کے افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران کیا،قبل ازیں امیر جماعت کا مٹھی پہنچنے پر ضلعی امیر میر محمد بلیدی کی قیادت کارکنان بھرپور استقبال کیا۔مرکزی نائب امیر اسداللہ بھٹو،سندھ کے امیر محمد حسین محنتی، سابق امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی، الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدرعبدالشکور،پروجیکٹ ڈائریکٹر اعجاز اللہ خان، ضلعی امیر میر محمد بلیدی نے بھی خطاب کیا۔ قیم صوبہ کاشف سعید شیخ، نائب امراء حافظ نصراللہ عزیز،عبدالغفار عمر ،پروفیسر نظام الدین میمن اور سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا بھی موجود تھے، 

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ تھر کے لوگ باصلاحیت اور پرامن لوگ ہیں، اللہ نے ان کو جن نعمتوں سے نوازا ہے میں مستقبل میں ایک روشن تھر دیکھ رہا ہوں۔ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی کوئی کارکردگی نہیں تو تبصرہ کس چیز کا، پانچ سالہ موجود حکومت کو سیکھنے کیلئے پانچ سال لگ جائیں گے، سندھ باب الاسلام ہے تبدیلی اور خوشحالی صرف اللہ کے دین سے ہی آئیگی۔

جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی نائب امیر اسداللہ بھٹو نے کہا کہ ایک لاکھ کے قریب مریضوں کا سو فیصد مفت علاج سندھ حکومت کیلئے چیلنج کی حیثیت رکھتا ہے، حکمران اور سیاسی جماعتیں صرف سرکاری طور پر اعلانات کرتی ہیں جبکہ جماعت اسلامی نے اپنے طور پر ایک بڑا ہسپتال تھر کے لوگوں کیلئے قائم کرکے انسانیت کی اعلیٰ مثال قائم کی ہے ۔

اس موقع پر جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا کہ انسانیت کی خدمت ایک بہت بڑا کام ہے ،جماعت اسلامی نے الخدمت ہسپتال سے پہلے پورے تھر میں پیاسے تھری عوام کیلئے کنویں اور بچوں کو تعلیم دینے کیلئے اسکولوں کا جال بچھایا ہے، جماعت اسلامی ایک عوامی اور انقلابی جماعت ہے جو نظام بدلنے کی بات کرتی ہے، پاکستان کے 156اضلاع میں تھرپاکر سب سے زیادہ پسماندہ ضلع ہے ،

جماعت اسلامی انسانیت کی خدمت کے جذبے کے تحت بلا تفریق خدمت کے ساتھ تھر کے عوام کی خدمت کرکے قسمت تبدیل کرے گی، تھر کو ترقی کا نشان بنائیں گے،بھارت نے پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا تو پوری قوم متحد ہوکر منہ توڑ جواب دے گی، الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی صدر عبدالشکور نے کہا کہ الخدمت ہسپتال کے قیام میں نعمت اللہ خان کی کاوشیں اور کردار ناقابل فراموش ہے،یہ عوام کے تعاون سے اور عوام کیلئے بنایا گیا ہے،

انہوں نے اہل خیر کو متوجہ کرتے ہوئے کہا کہ اس پروجیکٹ کو تھر کے عوام کے فلاح وبہبود کیلئے چلانے کیلئے صاحب ثروت لوگ دل کھول کر تعاون کریں۔ پروجیکٹر ڈائریکٹر اعجاز اللہ خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ابتدا میں مخیر حضرات کے تعاون 8 کروڑ سے یہ منصوبہ شروع کیا جس میں گذشتہ سال ستر ہزار مریضوں نے استفادہ کیا جبکہ 19ہزار افراد کے مفت لیبارٹری ٹیسٹ ہوئے،
اس ہسپتال سے تھرپارکر کے علاوہ عمرکوٹ، بدین، میرپور خاص اضلاع کے لوگوں نے بھی علاج معالجے کی سہولیات حاصل کیں۔