قومی و عالمی سطح پر صحافت کے فروغ کے لئے کراچی پریس کلب کا کردارقابل تعریف ہے ،چیف سیکرٹری سندھ ممتاز علی شاہ

97

کراچی (اسٹا ف رپورٹر) چیف سیکرٹری سندھ ممتاز علی شاہ نے کہا ہے کہ قومی وہ عالمی سطح پر صحافت کے فروغ کے لئے کراچی پریس کلب کا کردارقابل تعریف ہے اور توقع ہے کہ یہ روایت با حسن و خوبی برقرار رہے ،

انہوں نے کہا کہ کراچی پریس کلب کی عمارت تاریخی و ثقافتی ورثہ ہے اس کے استحکام کے لیے اقدامات حسب ضرورت عمل میں لائے جائیں گے۔

ان خیالات کا اظہارچیف سیکریٹری سندھ نے جمعرات کو کراچی پریس کلب کے دورے کے موقع پر پریس کلب میں موجود صحافیوں سے گفتگو کے دوران کیا ایک سوال کے جواب میں سید ممتاز علی شاہ نے یقین دلایا کہ صحافیوں کو مخصوص اسکیم کے تحت الاٹ کردہ پلاٹس کی لیز اور دیگر متعلقہ مسائل کے حل کے لئے وہ ہر ممکن اقدامات عمل میں لائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے فخر ہے کہ میں کراچی پریس کلب کا ممبر ہوں چیف سیکرٹری سندھ نے خیال ظاہر کیا کہ حکومت سندھ کے اقدامات عوامی خدمات کے تناظر میں صحافتی سطح پر آگاہی کے لائق ہیں اس کا ایک اہم فائدہ یہ بھی ہو گا کہ عوام ان سے قرار واقعی مستفید ہوتے رہیں گے۔

سید ممتاز علی شاہ نے اطمینان ظاہر کیا کہ پرامن ماحول میں پی ایس ایل میچز کا انعقاد عوام سمیت تمام طبقات کی کامیابی ہے اور ہر سطح پر اس سلسلے میں خیر مقدم کیا جا رہا ہے۔صدر کراچی پریس کلب امتیاز فاران دیگر عہدیداروں ،اے ایچ خانزادہ شمس کیریو اور دیگر نے کراچی پریس کلب آمد پر چیف سیکرٹری کو خوش آمدید کہا اور ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔