پاکستان کی ترقی میں بزنس کمیونٹی کا کردار انتہائی اہم ہے، چیئرمین نیب

142
اسلام آباد: چیئرمین نیب جاوید اقبال کی زیر صدارت نیب کارکردگی کا جائزہ اجلاس ہو رہا ہے
اسلام آباد: چیئرمین نیب جاوید اقبال کی زیر صدارت نیب کارکردگی کا جائزہ اجلاس ہو رہا ہے

اسلام آباد (اے پی پی) قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس(ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ ملکی ترقی میں بزنس کمیونٹی کا کردار انتہائی اہم ہے، اربوں روپے لوٹ کر بیرون ملک جانے والوں کو نیب وطن واپس لانے کیلیے تمام وسائل بروئے کار لا رہا ہے، نیب ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کو اپنی قومی ذمے داری سمجھتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بزنس کمیونٹی کے ایک وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کیلیے تمام طبقوں کو اپنا مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے۔ بزنس کمیونٹی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، تاجر خوشحال ہوگا تو ملک خوشحال ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نیب نے اپنے قیام سے لے کر اب تک 303 ارب روپے بدعنوان عناصر سے وصول کرکے قومی خزانے میں جمع کرائے ہیں جو کہ نمایاں کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنہوں نے ملک کو لوٹا اور آج ان کے پاس مختلف ممالک میں نہ صرف قیمتی جائداد، پلازے اور اربوں روپے ہیں، ان کے پاس یہ رقم کہاں سے آئی؟۔ انہوں نے کہا کہ نیب مقدمات کی تفتیش کے دوران کسی کی عزت نفس کو مجروح نہیں کرتا، عزت و احترام اور وقار سے انہیں نیب میں طلب کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی مفاد، ضمیر، پاکستان کی بہتری، معیشت کی بہتری، دیانتداری سے کام کرنے والے اور ہزاروں مزدوروں کو روزگار دینے والے بزنس کمیونٹی کے معزز ممبران کو نیب قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی نجی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے مالکان کے خلاف کارروائیاں کی جا رہی ہیں کیونکہ انہوں نے غریب لوگوں سے ان کی زندگی بھر کی جمع پونجی لوٹی ہے۔ انہوں نے لوگوں کو نہ پلاٹ دیے ہیں اور نہ ان کی رقم واپس کی جس کے باعث وہ دربدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیب نے ملک بھر سے ہاؤسنگ سوسائٹیوں سے تقریباً ایک ارب روپے سے زیادہ وصول کرکے متاثرین میں تقسیم کیے ہیں۔