سرکاری حج اسکیم:ایک لاکھ 7 ہزار 526 عازمین کے ناموں کا اعلان 

264
اسلام آباد:وفاقی وزیرمذہبی امور نورالحق قادری حج قرعہ اندازی کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے ہیں
اسلام آباد:وفاقی وزیرمذہبی امور نورالحق قادری حج قرعہ اندازی کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے ہیں

اسلام آباد (اے پی پی+صباح نیوز) وزارت مذہبی امور نے رواں سال 2019ء میں سرکاری حج اسکیم کے تحت ایک لاکھ 7 ہزار 526 عازمین حج کے ناموں کا اعلان کر دیا ہے جن میں سے 90 ہزار 924 کو بذریعہ قرعہ اندازی جبکہ 16 ہزار 602 کا بغیر قرعہ اندازی کے منتخب کیا گیا ہے،80 سے 90 سال عمر کے 2 ہزار عازمین کی درخواستیں موصول ہوئیں، بزرگ خاتون عازمین کے ساتھ 2 معاونین بھجوائے جائیں گے۔ منگل کو وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے بٹن دبا کر کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کا افتتاح کیا ۔ اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری برائے مذہبی امور آفتاب جہانگیر، سیکرٹری وزارت مذہبی امور محمد مشتاق احمد اور دیگر حکام ان کے ساتھ تھے۔ وزارت کو سرکاری حج اسکیم کے تحت ملک بھر سے مجموعی طور پر 2 لاکھ 16 ہزار 623 درخواستیں موصول ہوئیں۔ اس موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر مذہبی امور نے کہا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کے موقع پر وزیراعظم عمران خان نے ان سے پاکستان کو ’’روڈ ٹو مکہ‘‘ منصوبہ میں شامل کرنے کا مطالبہ کیا تھا جس پر انہوں نے بروقت احکامات دیے اور پاکستان کو ’’روڈ ٹو مکہ‘‘ منصوبہ میں شامل کر لیا گیا ہے جس کے بعد کوئٹہ، کراچی، اسلام آباد اور لاہور سے جانے والے حجاج کرام کی کسٹم اور امیگریشن کی سہولیات پاکستانی ائرپورٹس پر میسر ہوں گی۔ تاہم سعودی حکومت کی طرف سے 16 ہزار کوٹہ مزید بڑھانے کا اعلان کیا گیا تھا جس کا نوٹیفکیشن تاحال وزارت کو موصول نہیں ہوا، نوٹیفکیشن موصول ہونے کے بعد اس 16 ہزار کوٹہ کا لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال مسلسل 3 سال سے قرعہ اندازی میں ناکام ہونے والے 12 ہزار 251 حجاج کو بغیر قرعہ اندازی کے شامل کر لیا گیا ہے، اس کے علاوہ 2 ہزار 238 بزرگ شہری، 1613 ہارڈ شپ کوٹہ کے تحت جبکہ 500 لیبر کوٹہ کے تحت شامل کیا گیا ہے جن کی مجموعی تعداد 16 ہزار 602 بنتی ہے جبکہ 90 ہزار 924 درخواست گزاروں کو قرعہ اندازی کے ذریعے منتخب کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ویب سائٹ www.hajjinfo.org پر خوش نصیب درخواست گزاروں کا نام اپ لوڈ کر دیا جائے گا، اس کے علاوہ کامیاب ہونے والے اور رہ جانے والے درخواست گزاروں کو بذریعہ ایس ایم ایس بھی مطلع کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ درخواست گزار واٹس ایپ نمبر 0306-3332555 سے بھی معلومات لے سکتے ہیں۔ بعدازاں پاکستان کی تاریخ کے مہنگے ترین حج کے بارے میں صحافیوں کی جانب سے سخت سوالات کے پیش نظر پیرنور الحق قادری پریس کانفرنس ادھوری چھوڑ دی۔