نقطہ نظر

130

 

کوثر ٹاؤن ملیر میں پانی کی عدم فراہمی
ایم ڈی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ اور ملیر ڈویژن کے متعلقہ حکام کی توجہ کوثر ٹاؤن ملیر میں پانی کی عدم فراہمی کی جانب مبذول کرانا چاہتے ہیں۔ اپریل 2015ء میں متاثرین کی دستخط شدہ ایک درخواست دی گئی تھی اور اس پر عمل بھی ہوا تھا اور پانی کی سپلائی بحال کردی گئی تھی اب دوبارہ پانی کی سپلائی معطل کردی گئی ہے۔ یہ ستم ظریفی ایم ڈی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے واضح احکامات کی نفی ہے جس میں پانی کی بلا امتیاز فراہمی کو یقینی بنانے کی متعدد بار تاکید کی جاچکی ہے۔ لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے کہ اس نامناسب طرز عمل کا نوٹس لیا جائے اور علاقے میں معمول کے مطابق سپلائی کو یقینی بنایا جائے۔
احمد اللہ خان، کوثر ٹاؤن، ملیر کراچی
شہر میں گندگی صاف کرائی جائے
شہر میں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر، گٹر اُبلنا اور ان سے مچھروں کی افزائش اور پھیلتی ہوئی بیماریاں جن سے عوام الناس دوچار ہیں نئی حکومت کا دعویٰ کہ تبدیلی آگئی ہے، کہاں سے آئی ہے تبدیلی۔ نئی حکومت ناکام ہوگئی ہے۔ بچہ، بوڑھا، جوان سب بیماریوں کی لپیٹ میں آئے ہوئے ہیں۔ میری حکومت سے اپیل ہے کہ شہر میں صفائی کا انتظام کیا جائے۔
بینا، روبی، ریتی لائن
بجلی کی لوڈشیڈنگ نے زندگی اجیرن کردی
لوڈشیڈنگ کراچی کا بڑا مسئلہ ہے، اسے 12 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ نے عوام کا جینا مشکل کردیا ہے۔ بچے اسکولوں میں اور مریض اسپتالوں میں مشکلات کا شکار ہیں۔ ہمارے حکمران ووٹ لینے کے لیے بڑے دعوے کرتے ہیں کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم ہوجائے گی، آپ ہمیں ووٹ دیں اور جب جیت جاتے ہیں تو ان کا ہمارے مسائل سے کچھ لینا دینا ہی نہیں ہوتا۔ حکمرانوں سے اپیل ہے خدا کے لیے کچھ تو ہم پر رحم کریں۔
زرینہ، ایڈمن سوسائٹی، کراچی