متوفی شخص نے گردہ عطیہ کرکے پاکستانی لڑکی کو نئی زندگی دے دی

281

ابوظہبی میں وفات پانے والے ایک شخص نے اپنا گردہ عطیہ کرکے 13 سالہ پاکستانی لڑکی رامین شہید کو نئی زندگی دیدی، شیخ خلیفہ میڈیکل سٹی میں گردے کی پیوند کاری کا کامیاب آپریشن کیا گیا۔

 تفصیلات کے مطابق ابوظبی میں وفات پانے والے ایک شخص نے اپنے تمام اعضاعطیہ کرنے کی وصیت کی تھی۔ اسی اثناء میں پاکستانی لڑکی رامین شہید امارات کے مختلف اسپتالوں میں کئی سال سے زیر علاج رہی۔ 7سال کی عمرمیں اس کے دونوں گردے فیل ہوگئے تھے۔ وہ کئی سال سے ہفتہ میں 3مرتبہ ڈائیلیسس کرواتی تھی۔ اس کی وجہ سے نہ صرف اس کی پڑھائی متاثر ہوئی بلکہ پورے خاندان کے معمولات بھی متاثر ہوئے۔

گزشتہ ماہ میڈیکل سٹی حکام کی طرف سے لڑکی کے والد محمد رحمن کو فون آیا کہ حال ہی میں وفات پانے والے ایک شخص نے اپنا گردہ عطیہ کردیا ہے ۔ وہ ان کی لڑکی کے لئے انتہائی مناسب ہے۔ابوظہبی میں مقیم پاکستانی خاندان کو یقین نہیں آیا کہ ان کی لڑکی جو ہفتہ میں 3مرتبہ ڈائیلیسس کروانے پر مجبور ہے اب عام بچوں کی طرح زندگی گزرانے کے قابل ہوسکے گی۔

ابوظہبی کے شیخ خلیفہ میڈیکل سٹی میں گردہ کی پیوند کاری کا کامیاب آپریشن 15فروری کو ہوا۔ میڈیکل ٹیم نے کامیاب آپریشن کے بعد مریضہ کی مسلسل نگرانی کی ۔ جب جسم نے نیا عضو قبول کرلیا تو مناسب ادویات دے کر رخصت کردیا۔