باب دوستی چمن پر ہر فرد کے لیے پولیو ویکسینیشن لازمی قرار

190

کوئٹہ: پولیو کی روک تھام کے لیے باب دوستی چمن پر ہر فرد کے لیے پولیو ویکسینیشن لازمی قرار دے دی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ملک میں پولیو کے جڑ سے خاتمے کے لیے افغانستان سے سرحد پار کرنے والے ہر فرد کے لیے پولیو کی ویکسینیشن لازمی قرار دے دی گئی ہے۔

اس سلسلے میں 25 مارچ سے دوستی گیٹ پر ہرعمر کے افراد کی ویکسینیشن شروع کی جارہی ہے، جس کے تحت 10 سال کی عمر تک کے بچوں کو بارڈر کراس کرنے پر ہر بار انسداد پولیو کی ویکسینیشن لازمی ہوگی جب کہ 10 سال سے زائد عمر کے افراد کو ویکسینیشن کے بعد کارڈ بھی مہیا کیا جائے گا۔

ای او سی حکام کا کہنا ہے باب دوستی پاکستان اورافغانستان کے درمیان ایک اہم ٹرانزٹ پوائنٹ ہے، جہاں ماہانہ 5 سال سے کم عمر  کے 40 ہزار سے زائد بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائے جاتے ہیں۔