فریال تالپور کا آرٹس کونسل کا دورہ ،سید احمد شاہ نے استقبال کیا

99
پی پی پی کی رہنما فریال تالپور کا آرٹس کونسل کے دورے کے موقع پر احمد شاہ سے ملاقات کر رہی ہیں
پی پی پی کی رہنما فریال تالپور کا آرٹس کونسل کے دورے کے موقع پر احمد شاہ سے ملاقات کر رہی ہیں

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)پیپلز پارٹی وویمن ونگز کی صدراور رکن صوبائی اسمبلی فریال تالپور نے گزشتہ روز آرٹس کونسل پاکستان کراچی کا دورہ کیا ، اس موقع پر مشیر اطلاعات سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب بھی ان کے ہمراہ تھے۔آرٹس کونسل کے صدرسید احمد شاہ اور معروف مصنف و ادبی شخصیت انور مقصود نے آرٹس کونسل کراچی آمد کے موقع پر دونوں معزز مہمانوں کا استقبال کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایم پی اے فریال تالپور نے ایک طویل عرصے کے بعد اسٹیج ڈراما کی بحالی پر انور مقصود اور آرٹس کونسل کے سربراہ سید احمدشاہ کی کوششوں کو سراہا۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے مشیر اطلاعات سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سندھ حکومت کراچی سمیت پورے صوبے میں آرٹس ، کلچر اور ڈراما کی پروموشن کے لیے ہمیشہ کوشاں رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبہ سندھ کے 5ہزار سال پر محیط پرکشش کلچر پر ہمیں فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت مستقبل قریب میں آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے انسٹیٹیوٹ آف آرٹس اینڈ کرافٹس کو یونیورسٹی کا درجہ دینے کا ارادہ رکھتی ہے۔اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے سربراہ سید احمد شاہ اور معروف مصنف انور مقصود نے سندھ حکومت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کی کاوشوں اور حمایت کے بغیر آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں کسی بھی تہوار، نمائش اور سیمینار کا کامیابی سے انعقاد ممکن نہ تھا۔