کراچی کنگز کے عثمان شنواری نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے جیتی بازی چھین لی

186
کراچی: کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکو شکست دینے کے بعد کراچی کنگز کے کھلاڑی جشن منارہے ہیں
کراچی: کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکو شکست دینے کے بعد کراچی کنگز کے کھلاڑی جشن منارہے ہیں

کراچی (سید وزیر علی قادری) پاکستان سپر لیگ چوتھے ایڈیشن میں کراچی کنگز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو ایک رنز سے شکست دے دی، کراچی کنگز کے عثمان شنواری نے آخری اوور میں تین وکٹیں لے کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے منہ سے فتح چھین لی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ٹاس جیت کر کراچی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس کا کراچی کنگز نے بھرپور فائدہ اٹھا اٹھایا اورمقررہ20 اوورز میں5 کٹوں کے نقصان پر190رنز بنائے۔ بابر اعظم56رنز کے ساتھ نمایاں رہے،افتخار احمد نے44 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ کوئٹہ کے محمد حسنین سب سے کامیاب بولر رہے جنہوں نے2 وکٹ حاصل کی۔ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ کے احمد شہزادنے ذمہ درانہ اننگزکھیلتے ہوئے نصف سنچری مکمل کی مگر وہ 99 رنز پر بدقسمتی سے کیچ دے بیٹھے۔ اس سے قبل اوپنر واٹسن محض19رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ عمر خان اور عثمان شنواری 3، 3 وکٹیں لے کر کراچی کے سب سے کامیاب بولر رہے۔احمد شہزاد کے سوا کوئٹہ کا کوئی کھلاڑی ٹیم کے لیے قابل ذکر کردار ادا نہ کرسکا۔ 19ویں اوور میں عامر یامین نے 4وائیڈ بال کی جبکہ اس اوور احمد شہزاد نے ایک چھکا اورچوکا لگا کر میچ کا پانسہ پلٹ دیا، تاہم 99کے انفرادی اسکور پر وہ کیچ دے بیٹھے اور آخری اوور میں عثمان شنواری نے پہلے احمد شہزاد پھر محمد انور اور کپتان سرفراز احمد کو آؤٹ کرکے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی امیدوں پر پانی پھیر دیا، کراچی کے شائقین میچ کی آخری گیند تک محظوظ ہوتے رہے، عثمان شنواری کو بہترین باؤلنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قراردیا گیا۔ آج 2میچ کھیلے جائیں گے۔ پہلا میچ لاہور قلندر اور ملتان سلطانز کے درمیان دوپہر 2بجے اورکراچی کنگز بقابلہ پشاور زلمی 7بجے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلاجائے گا۔ ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا تجربہ پہلے میچ کی طرح دوسرے میچ میں بھی کارگر نہ ہوسکا۔