یمن ، حوثی باغیوں کی خفیہ جیلوں میں قیدیوں کی جان کو خطرہ

151

یمن کے صوبے الجوف میں حوثی ملیشیا کے زیر قبضہ علاقوں میں باغیوں کے زیر استعمال متعدد جیلوں اور قید خانوں کے بارے میں انسانی حقوق کے بیورو نے لرزہ خیز تفصیلات کا انکشاف کردیا۔

بیورو نے جاری بیان میں بتایا کہ اس وقت 8 جیلیں حوثی باغیوں کے زیر استعمال ہیں جہاں پر قید افراد کو بھیانک ترین طریقوں سے نفسیاتی اور جسمانی اذیت کا نشانہ بنایا جاتا ہے جب کہ ان جیلوں میں جان لیوا امراض بھی پھوٹ پڑے ہیں۔

بیان کے مطابق حوثی باغیوں نے اسکولوں اور سرکاری عمارتوں کو خفیہ جیلوں میں بدل رکھا ہے جہاں مخالفین کو اغوا کر کے انسانیت سوز تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے ، مذکورہ جیلیں صوبے کے 7 اضلاع میں موجود ہیں۔

بیورو کا کہنا ہے کہ مذکورہ جیلوں کے علاوہ بھی قید خانے موجود ہیں جن کی تلاش میں متعلقہ ٹیمیں سرگرداں ہیں۔