صدیق اکبرؓ صاحب ثروت تھے، جو کماتے غربا پر خرچ کردیتے، حیدرشاہ

58
نورمصطفی فاؤنڈیشن کے تحت ’’یارغارکانفرنس‘‘سے سیدحیدرشاہ کاظمی ودیگر خطاب کررہے ہیں
نورمصطفی فاؤنڈیشن کے تحت ’’یارغارکانفرنس‘‘سے سیدحیدرشاہ کاظمی ودیگر خطاب کررہے ہیں

کراچی(پ ر) نور مصطفی فاؤنڈیشن کے چیئر مین علامہ سید حیدر علی شاہ کاظمی محمودی نے یار غار کانفرنس سے اپنے خصوصی خطاب میں کہا ہے کہ حضرت ابو بکر صدیقؓ صدق و صفا کے پیکر اور آپ کا عمل اور تعلیمات اسلام کے لیے مشعل راہ ہے ، آپؓ نے اپنے دور خلافت میں اسلام کے لیے گراں قدر خدمات انجام دیں۔ تاریخ اسلام کے اوراق حضرت ابو بکر صدیقؓ کی روشن زندگی،فضائل و مناقب،سیرت و کردار اور سنہرے کارناموں سے بھرے پڑے ہیں۔انہو ں نے کہا کہ آپؓ اسلام قبول کرنے سے قبل ہی پاکیزگی و بلند کردار ، اعلیٰ اخلاق، عقل و دانش، فہم و فراست، امانت و دیانت، اصابت رائے، علم و بردباری اور خدا ترسی میں مشہور و بے مثال تھے۔ قریش میں صاحب ثروت اور سب سے زیادہ بہ اخلاق تھے جو کچھ کماتے غربا و مساکین پر خرچ کر دیتے، سیدنا ابوبکرؓ فیصلے کرنے اور فصاحت و بلاغت میں کمال کا درجہ رکھتے تھے ۔