‘بس بہت ہوچکا، اب قانون کا پہیہ چلے گا’

220

راولپنڈی:کسٹم عدالت نے کرنسی اسمگلنگ کیس میں ماڈل ایان علی کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے وارنٹ گرفتاری   جاری کردیے۔

تفصیلات کے مطابق کرنسی اسمگلنگ کیس کی سماعت کسٹم عدالت کے جج ارشد حسین بھٹہ نے کی۔ عدالت نے ایان علی کے قابل ضمانت اور ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیے۔

عدالت نے   کارروائی میں استفسار کیا کہ بتایا جائے کہ کیا ملزمہ کے گھر پر اشتہار لگایا گیا یا نہیں۔

ملزمہ کے وکیل نے عدالت سے اپنی موکلہ کی عدالت میں پیشی کے لیے مزید مہلت کی استدعا کی جسے مسترد کردیا گیا۔

عدالت نے قرار دیا کہ بس بہت ہوچکا، اب قانون کا پہیہ چلے گا۔ عدالت نے ایان علی کو اشتہاری قرار دے کر ملزمہ کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔

عدالت نے حکم دیا کہ ملزمہ کے تمام منقولہ غیر منقولہ اثاثے بھی ضبط کرلیئے جائیں اور ملزمہ جہاں ملے گرفتار کر لیا۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ ماڈل ایان علی کو مسلسل عدالت طلب کیا جاتا رہا مگر وہ پیش نہیں ہوئیں۔

ایان علی نے جو ایڈریس دیا وہ کراچی کی نجی سوسائٹی کا ہے۔انسپکٹر کسٹم اسامہ منعم نے عدالت کو بتایا کہ میں جب کراچی گیا تو بتایا گیا کہ ماڈل بہت وقت سے یہاں آئی ہی نہیں۔

عدالت نے حکم دیا کہ سیشن جج کراچی کو خط لکھا جائے کہ مجسٹریٹ تعینات کیا جائے، تمام گواہ بلائے جائیں تاکہ شہادت قلمبند کی جائے۔

راولپنڈی کی کسٹم عدالت نے اپنے حکم نامے میں لکھا کہ مجسٹریٹ ملزمہ کے فلیٹ کو فروخت کرنے سے روکنے کیلئے متعلقہ محکموں کو پابند کرے۔عدالت آئندہ سماعت پر تمام گواہوں کو طلب کرتے ہوئے سماعت16مارچ تک ملتوی کردی  ۔