ڈی ایچ اے صفہ یونیورسٹی کرکٹ ‘افتتاحی میچ میں میزبان ٹیم کی فتح

166
ڈی ایچ اے صفہ یونیورسٹی ٹی ٹوئنٹی کے افتتاحی میچ میں وائس چانسلر ریئرایڈمرل سرفرازاحمد پلیئر کو ایوارڈ دیتے ہوئے
ڈی ایچ اے صفہ یونیورسٹی ٹی ٹوئنٹی کے افتتاحی میچ میں وائس چانسلر ریئرایڈمرل سرفرازاحمد پلیئر کو ایوارڈ دیتے ہوئے

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈی ایچ اے صفہ نے آئی بی اے کو 13رنز سے شکست دے کر ڈی ایچ اے صفہ یونیورسٹی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ جیت لیا۔ لیفٹیننٹ کرنل کاظم ظفر ، سیکریٹری، ڈی ایچ اے اسپورٹس کمپلیکس (معین خان کرکٹ اکیڈمی)کا میچ سے قبل بحیثیت مہمان خصوصی دونوں ٹیموں سے تعارف کرایا گیا۔مہمان خصوصی نے ٹورنامنٹ کمیٹی کو شاندار ٹورنامنٹ کے انعقاد پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔معین خان کرکٹ اکیڈمی کی سرسبز فیلڈ پر کھیلے گئے افتتاحی میچ میں میزبان ٹیم ڈی ایچ اے صفہ یونیورسٹی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20اوورز میں 7کھلاڑیوں کے نقصان پر 174رنز کا مجموعہ اسکور بورڈ پر لگایا۔ حمزہ نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 75رنز کی دلفریب اننگز کھیلی ۔ ثاقب علی نے 21اور واثق قسیم نے ناقابل شکست 12رنز اسکور کیے۔ مسعود شعیب نے 24اور فوفل نے 29رنز پر 2,2کھلاڑیوں کو نشانہ بنایا۔آئی بی اے کی ٹیم مطلوبہ ہدف کے حصول میں ناکام رہی اورپوری ٹیم 9وکٹوں پر 161رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ عزیر مسعود 79رنز کے ساتھ اپنی ٹیم کے ٹاپ اسکورر رہے۔ سراج عارف 18اور حماد قیصر 11رنز کے ساتھ ڈبل فیگر اننگز کھیلنے والے بلے باز بنے۔عمر شاہد نے 30رنز پر 3کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، واثق قسیم نے 36رنز پر3کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا اور شعیب احمدکو22رنز پر 2وکٹیں ملیں۔ امپائرز ناصر اور افضال تھے۔ میچ کے اختتام پر وائس چانسلر ڈی ایچ اے صفہ یونیورسٹی رئیر ایڈمرل (ر) سرفراز حسین نے صفہ یونیورسٹی کے حمزہ کو مین آف دی میچ ایوارڈ دیا۔