سعودی وزیر خارجہ کی وزیراعظم اور آرمی چیف سے ملاقاتیں ،شاہ سلمان کا پیغام پہنچایا

131
اسلام آباد: سعودی عرب کے وزیرخارجہ عادل الجبیر وزیراعظم سے ملاقات کررہے ہیں‘چھوٹی تصویر میں عمران خان معززمہمان کا استقبال کررہے ہیں
اسلام آباد: سعودی عرب کے وزیرخارجہ عادل الجبیر وزیراعظم سے ملاقات کررہے ہیں‘چھوٹی تصویر میں عمران خان معززمہمان کا استقبال کررہے ہیں

اسلام آباد/راولپنڈی(نمائندہ جسارت+خبر ایجنسیاں) سعودی وزیرخارجہ عادل الجبیرنے وزیراعظم عمران خان ، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سے اہم ملاقاتیں کیں جس میں شاہ سلمان اور ولی عہد کا خصوصی پیغام پہنچایا۔پاکستانی قیادت سے ہونے والی ان ملاقاتوں میں سعودی وزیر خارجہ نے بھارت سے کشیدگی ‘خطے کی موجودہ صورتحال، پاک سعودی تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ پاکستان دورے پرآئے سعودی وزیر وزیراعظم ہاؤس پہنچے تو وزیراعظم نے ان کا استقبال کیا۔اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ سمیت دیگرحکام بھی موجود تھے۔بعد ازاں سعودی وزیر خارجہ پاک فوج کے ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) پہنچے جہاں انہوں نے آرمی چیف سے ون
آن ون ملاقات کی۔عادل الجبیرنے علاقائی امن و استحکام میں پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سعودی وزیر خارجہ نے پاکستان کے لیے سعودی عرب کی حمایت کا اعادہ کیا جب کہ آرمی چیف نے انتہائی مشکل حالات میں امن کی کوشش پر سعودی وزیر مملکت کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پرجنرل قمر باجوہ کا کہنا تھا کہ سعودی عرب ہمیشہ سے پاکستان کا سچا دوست ثابت ہوا ہے۔ قبل ازیں سعودی وزیر خارجہ نے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے پاک بھارت کشیدگی کے خاتمے کے لیے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی کوششوں کا خیرمقدم کیا۔