کشمیریوں پر بھارتی مظالم سے آگ مزید بھڑک رہی ہے،کور کمانڈرز کانفرنس

118

راولپنڈی(خبر ایجنسیاں) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں علاقائی سلامتی کی صورت حال اور پاک بھارت کشیدگی پر بات چیت کی گئی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس میں عسکری قیادت نے اس عزم اعادہ کیا کہ دفاع وطن کے لیے کسی بھی حد تک جواب دیا جائے گا۔کور کمانڈرز کانفرنس کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پلوامہ واقعے کے بعد مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر تشویش ہے،مقبوضہ کشمیر میں مظالم جلتی پر تیل کا کام کررہے ۔ بھارتی سیکورٹی فورسز کنٹرول لائن پر معصوم شہریوں کو نشانہ بنا رہی علاقائی امن کے لیے شہری آبادی کو نشانہ بنانے سے رکنا ضروری ہے ،بھارت کا ایل او سی پر شہری آبادی کو جان بوجھ کر نشانہ بنانا صرف آگ کو بھڑکانا ہے ، کسی بھی ایڈوانچر اور جارحیت کیخلاف مادر وطن کا بھرپور دفاع کیا جائے گا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اعلامیے میں کہا گیا کہ بھارتی جارحیت سے خطے کی سلامتی کو خطرہ ہے۔ عالمی برادری بھارتی جارحیت کا نوٹس لے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس میں نیشنل ایکشن پلان 2014ء پر عمل درآمد کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ آرمی چیف نے افواج کے مورال اور قوم کے جذبے کا سراہا اور کہا کہ مسلح افواج ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔ آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے پاک افواج کے جوانوں کی کارکردگی اور حوصلے کو سراہتے ہوئے کور کمانڈرز کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ پاکستان امن، استحکام اور ترقی کے مثبت راستے پر گامزن ہے۔ کوئی بھی طاقت کے استعمال یا دھمکی سے ہمیں نہیں جھکا سکتا۔ پالیسی اور طاقت کا استعمال صرف ریاست کا ہی اختیار ہے۔