ڈاکٹر عافیہ کے معاملے میں حقوق نسواں کو بے دردی سے پامال کیا گیا : ڈاکٹر فوزیہ صدیقی

180

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ڈاکٹر عافیہ کی ہمشیرہ اور عافیہ موومنٹ کی رہنما ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نیکہا ہے کہجنیوا کنونشن اور انسانی حقوق کے عالمی قوانین کے تحت عورتوں کو تحفظ کا خصوصی حق حاصل ہے جن کے مطابق خواتین کے ساتھ کسی بھی سطح پر امتیازی سلوک نہیں کیا جائے گا۔

عورتوں کے عالمی دن منانے کا مقصداس شعور کو اجاگر کرنا ہے مگر جب حکمران انسانی و حقوق نسواں کے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کریں تو سب کچھ بے معنی ہوجاتا ہے، ڈاکٹر عافیہ کے معاملے میں انسانی اور عورتوں کے حقوق کو بے دردی سے پامال کیا گیا ہے۔وہ آج بھی ہر انسانی و حقوق نسواں سے محروم ہے۔

عورتوں کے عالمی دن کے موقع پر عافیہ موومنٹ کی رضاکار خواتین نے عورتوں کے حقوق کی مختلف تنظیموں کے ہمراہ ڈاکٹر عافیہ کے انسانی و حقوق نسواں کی پامالیوں اور16 سال سے جاری قیدناحق کے خلاف کراچی پریس کلب پر مظاہرہ کیا۔اس حوالے سے ملک بھر میں ڈاکٹر عافیہ کے سپورٹررز نے مختلف پروگرامات کا انعقاد کیا۔

عورتوں کے حقوق کے حوالے سے ’’ویمن امپاورمنٹ گروپ‘‘ کے اجلاس میں ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے شرکت کی، جس میں سابق اسپیکر بلوچستان اسمبلی راحیلہ خان درانی، پی ٹی آئی خواتین ونگ کی صدر کیپٹن ترانہ، ڈاکٹر شہلا، ڈاکٹر مسز عباسی و دیگر بھی موجود تھیں۔

عورتوں کے عالمی دن کے موقع پر جی ٹی روڈ، ترنول اسلام آباد میں منعقدہ ’’عافیہ رہائی کیمپ‘‘ کے شرکاء سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا کہ عافیہ پر ہونے والے مظالم نے انسانیت کو شرما دیا ہے۔ 

گذشتہ سال پاکستانی قونصل جنرل عائشہ فاروقی جس کی تمامتر تفصیلات سے حکومت پاکستان کو آگاہ کرچکی ہیں۔انہوں نے سوال کیا عافیہ عورت نہیں؟امریکی جیل میں بھی عافیہ کے ساتھ انتہائی ناروا سلوک روا رکھا گیا۔ ہر قیدی کو اپنے رشتہ داروں اور دوست احباب سے ملاقات کا حق حاصل ہوتا ہے مگر عافیہ کو اپنی ضعیف ماں اور بچوں سے ٹیلی فون پر بات کرنے کے حق سے بھی محروم کردیا گیاہے۔ 

ایک ماں پر اس کے بچے چھین لینے سے بڑھ کر بھی کوئی ظلم ہو سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ عافیہ کی وطن واپسی کیلئے موزوں ترین وقت ہے۔ وزیراعظم عمران خان سے امید ہے کہ وہ انتخابی مہم میں عوام سے کیا گیا وعدہ جلد پورا کریں گے۔

قوم بہت جلد عافیہ کی واپسی کی خوشخبری سنے گی اور عمران خان تاریخ میں محمد بن قاسم ثانی بنیں گے، ان شاء اللہ۔انہوں نے کہا کہ بھارتی جارحیت نے پوری قوم کو متحد کردیا ہے۔ ڈاکٹر عافیہ کی واپسی سے قوم سیسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت ہوگی اور ملک بجا طور پر ایٹمی اور معاشی قوت بننے پر فخر کرسکے گا۔