جعلی اکاؤنٹس کیس،سیکریٹری لینڈ یوٹیلائزیشن ڈپارٹمنٹ آفتاب میمن گرفتار

113

نیب راولپنڈی نے جعلی اکا ؤ نٹس کیس میں سیکریٹری لینڈ یوٹیلائزیشن ڈپارٹمنٹ آفتاب میمن کو گرفتار کرلیا۔

نیب راولپنڈی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق بورڈ آف ریونیو سندھ کے لینڈ یوٹیلائزیشن ڈیپارٹمنٹ کے سیکرٹری آفتاب میمن کو جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں اختیارات کے ناجائز استعمال پر گرفتار کیا گیا ہے۔نیب راولپنڈی کے مطابق ملزم نے 7 ایکڑ زمین ایک عام شخص کے نام غیر قانونی طور پرالاٹ کی تھی جس سے خزانے کو 80 کروڑ روپے کا نقصان پہنچا۔

دوسری جانب نیب حکام نے ملزم آفتاب میمن کو اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیش کیا اور جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔ نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ آفتاب میمن نے قومی خزانے کو 80 کروڑ کا نقصان پہنچایا، ملزم کے قبضے میں ریکارڈ ہے لہٰذا ریمانڈ دیا جائے۔عدالت نے نیب پراسیکیوٹر کی استدعا پر ملزم آفتاب میمن کا 13 روز کا جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔

عدالت نے نیب کو ملزم آفتاب میمن کا طبی معائنہ کرانے اور آئندہ سماعت سے قبل میڈیکل رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔

واضح رہے کہ آفتاب میمن سابق صدر آصف زرداری اور پیپلزپارٹی کے قریب سمجھے جاتے ہیں۔