بلدیہ ضلع وسطی بدعنوان افسران کیلئے جنت بن گیا،

206

کراچی( اسٹاف رپورٹر)بلدیہ ضلع وسطی بدعنوان افسران کیلئے جنت بن گیا،عدالتی پابندی کے باوجود ڈی ایم سی کی اہم سڑکوں اور شاہراہوں پر تشہیری مواد کی بھرمار،اسٹیمر،بینرز،آئرن گیٹ سمیت پیسٹنگ اور موونگ پبلسٹی کے نام پر کروڑوں روپے کی لوٹ مار کئے جانے کا انکشاف،

چیئرمین اور میونسپل کمشنر کی مبینہ آشیرباد سے جعلسازیوں سے ترقیاں حاصل کرنے والے افسران کو محکمہ ایڈورٹائزنگ میں تعینات کردیا گیا،جونیئر افسر ضلع وسطی کا ڈائریکٹرز ٹیکسز کے مزے لوٹنے میں مصروف،آٹ ڈور ایڈورٹائزمنٹ سے حاصل کروڑوں کی آمدنی افسران کی جیبوں میں جانے لگی،سینئر افسران کا اینٹی کرپشن اور نیب سمیت وزیر بلدیات سے فوری نوٹس لینے کی اپیل۔

تفصیلات کے مطابق بلدیہ ضلع وسطی کے کرپٹ افسران نے عدالتی احکامات کی انتہائی دیدہ دلیری کے ساتھ خلاف ورزی کرتے ہوئے ڈی ایم سی کی تمام اہم سڑکوں،فٹ پاتھوں،مارکیٹوں اور عمارتوں پر تشہیری مواد کی بھرمار کردی ہے،ذرائع کا کہنا ہے کہ عدالتی احکامات کیخلاف سڑکوں پر ہزاروں کی تعداد میں اسٹیمر کھلے عام لگے ہوئے ہیں جن سے حاصل آمدنی افسران کی جیبوں میں جارہی ہے،

ذرائع کا کہنا ہے کہ عدالتی پابندی کے باعث اسٹیمر اور آئرن گیٹ سمیت غیر قانونی تشہیری ڈیوائز کا ٹیکس وصول نہیں کیا جاسکتا ہے جس کے باعث بھتہ کے عیوض ضلع وسطی کی سڑکوں مارکیٹوں اور شاہراہوں پر بڑے بڑے تشہیری آئرن گیٹ،اسٹیمر کی بھرمار کردی گئی ہے،جس سے حاصل ماہانہ کروڑوں روپے کے بھتہ کی بندر بانٹ ڈی ایم سی حکام اور افسران کے مابین کی جارہی ہے ،

ڈی ایم سی ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین ریحان ہاشمی اور میونسپل کمشنر فہیم خان نے ڈپٹی ڈائریکٹر آصف بیگ کو ضلع وسطی میں ڈائریکٹر ٹیکسز کے عہدے سے نواز رکھا ہے ذرائع کا کہنا ہے کہآصف بیگ پر الزام عائد کیا جاتا ہے کہ انہوں نے جعلسازی کے ذریعے ترقی حاصل کر رکھی ہے،

ذرائع نے دعوی کیا ہے کہ ترقی کی تحقیقات کی صورت میں اہم انکشافات منظر عام پر آسکتے ہیں،

تاہم اس کے باوجود ضلع وسطی کے چیئرمین اور میونسپل کمشنر کی مسلسل عدم توجہی اور لاپرواہی کے باعث شہر کا اہم ترین ضلع وسطی کرپٹ اور بدعنوان افسران کیلئے ایک جنت بنا ہوا ہے،ادارے کے سینئر افسران نے ضلع وسطی میں مبینہ کرپشن اور بدعنوانیوں کی بڑھتی صورتحال پر اینتی کرپشن،نیب سمیت وزیر بلدیات اور دیگر اعلی حکام سے فوری نوٹس اور سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہےِ

جبکہ عدالتی احکامات کی کھلے عام دیدہ دلیری کے ساتھ کی جانے والی خلاف ورزی پر عدالت عالیہ سے ازخود نوٹس لینے کی اپیل کی ہے