کشمور میں استحکام پاکستان کنونشن ملک کے تحفظ کا عزم ،حسین محنتی ،شمشیر مزاری کا خطاب

95
کشمور: امیر جماعت اسلامی سندھ حسین محنتی اور شمشیر خان استحکام پاکستان کانفرنس سے خطاب کررہے ہیں
کشمور: امیر جماعت اسلامی سندھ حسین محنتی اور شمشیر خان استحکام پاکستان کانفرنس سے خطاب کررہے ہیں

کراچی/کشمور( اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی صوبہ سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ نظریہ پاکستان ہی ملکی سا لمیت کا ضامن ہے، اسلامی نظام کے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا کیوں کہ پاکستان بنا ہی ظلم کے خلاف تھا، پاک فوج نے دشمن کو منہ توڑ جواب دے کر قوم کے حوصلے بلند کردیے ہیں،ملک کے چپے چپے کی حفاظت کے لیے پوری قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کے تحت کشمور میں استحکام پاکستان کانفرنس سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر سردار شمشیر خان مزاری، عبدالحفیظ بجارانی، آغا عبدالفتاح پٹھان، وزیر چنا ودیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔محمد حسین محنتی نے کہا کہ کلمہ وقرآن کے نام پر معرض وجود میں آنے والے ملک میں 70سال گزرجانے کے باوجود ایک دن کے لیے بھی اس کا نظام لاگو نہیں کیا گیا، جس کی وجہ سے بیرونی جارحیت سمیت ملک مسائل کا شکار ہے، جماعت اسلامی قرآن وسنت کے نظام کے نفاذ کے لیے جدوجہد کررہی ہے۔اس موقع پر سردار شمشیر مزاری نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ استحکام پاکستان کے لیے پاک فوج کے کرداراور قربانیوں کو پوری قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، اگر ہماری فوج مضبوط نہ ہوتی تو آج ہمارے ملک کا حال بھی شام اور عراق سے مختلف نہ ہوتا، جماعت اسلامی ملک کی واحد سیاسی اور دینی جماعت ہے جو باطل قوتوں اور وقت کے فرعونوں کا مقابلہ کرنے کے ساتھ حکومت کے بغیر بھی عوام کے مسائل حل کررہی ہے کیوں کہ اس کے پاس دیانتدار اور باصلاحیت قیادت موجود ہے۔بعد ازاں صوبائی امیر نے کشمور میں 60بستروں پر مشتمل زیر تعمیر الخدمت اسپتال کا دورہ کیا اور اب تک ہونے والے تعمیراتی کام کا جائزہ لیا جبکہ ممتاز عالم دین مولانا عبداللہ کھوسہ کے گھر جاکر ان کی والدہ کی وفات پر اظہار تعزیت اور مرحومہ کے درجات کی بلندی کی دعا کی۔