مسئلہ کشمیر حل کرانے والا نوبل انعام کا حقدار ہوگا،عمران خان

55
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان سرمایہ کاروں کے وفد سے ملاقات کررہے ہیں
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان سرمایہ کاروں کے وفد سے ملاقات کررہے ہیں

اسلام آباد(آن لائن)وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ میں امن کے نوبل انعام کے لائق نہیں تاہم جو مسئلہ کشمیر کو حل کریگا وہ نوبل انعام کا حقدار ہوگا۔سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ امن کے نوبل انعام کے لائق نہیں۔ نوبل انعام کا حقدار وہ ہوگا جو مسئلہ کشمیر کو عوامی خواہشات کے مطابق حل کرے گا۔ نوبل انعام کا حقدار وہ شخص ہوگا جو خطے کے امن و ترقی کی راہیں ہموار کرے گا۔ یاد رہے وزیر اطلاعات فواد چودھری کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کو نوبل امن انعام دینے کیلیے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں قرارداد جمع کرائی گئی تھی جس میں کہا گیا کہ وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان اور بھارت کے مابین کشیدگی کم کرنے کے لیے انتہائی دانشمندانہ کردار ادا کیا۔ بھارتی قیادت کا جنگی جنون دونوں ممالک کے درمیان تناؤ کا سبب بنا۔ بھارتی قیادت کا اظہارِ جارحیت دونوں ایٹمی ریاستوں کو جنگ کے دہانے پر لے آیا۔قرارداد میں مزید کہا گیا بھارت کے جنگجو یانہ رویے سے سرحد کے دونوں طرف بسنے والے کروڑوں لوگوں کی زندگیوں کو خطرہ تھا۔ عمران خان نے فعال کردار ادا کرتے ہوئے مہارت کے ساتھ اس صورتحال کو امن کی جانب موڑ دیا۔ امن کے لیے خدمات پر وزیراعظم عمران خان کو نوبل امن انعام دیا جائے۔ علا وہ ازیں گرفتار بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو رہا کرنے کے اعلان کے بعد ٹوئٹر صارفین کی جانب سے پرزور مطالبہ کیا جارہا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کو امن کا نوبل انعام دیا جائے جس کے لیے ٹوئٹر پر ہیش ٹیگ NobelPeacePrizeForImranKhan# ٹرینڈ کر رہا تھا۔