عمران خان مسئلہ کشمیر پوری جرات کیساتھ پیش کریں،لیاقت بلوچ

53
لاہور:سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ پریس کلب کے باہر جماعت اسلامی لاہور کے تحت تحفظ پاکستان مارچ سے خطاب کررہے ہیں
لاہور:سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ پریس کلب کے باہر جماعت اسلامی لاہور کے تحت تحفظ پاکستان مارچ سے خطاب کررہے ہیں

لاہور(نمائندہ جسارت)جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ پاک فضائیہ نے بھارتی غرور خاک میں ملا دیا ، بھارتی جارحیت کے خلاف پوری قوم متحد ہے، پاکستان امن کا ہمیشہ سے خواہاں ہے ، بھارتی جیل میں پاکستانی قیدی شاکر اللہ کو تشدد کر کے شہید کر دینے کی مذمت کرتے ہیں، پاکستان نے بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو باوقار طریقے سے رہا کیا اس کے بدلے بھارت نے پاکستان کو لاش دی ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے جماعت اسلامی پی پی 160 کے ذمے داران کے اجلاس کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ ہمیں افواج پاکستان پر فخر ہے ۔ وزیراعظم عمران خان کو چاہیے کہ وہ مسئلہ کشمیر کو پوری جرأت سے پیش کریں ۔ حکومت نے ابھی نندن کو رہا کیا اگر حکومت اس کے بدلے میں کشمیری قیادت کو رہا کراتی اور کشمیر کے اندر مظالم کو بند کرنے کی آواز اٹھاتی تو وزیراعظم کے اقدام کے پیچھے پوری قوم جرأت سے کھڑی ہوتی ۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم کو اپوزیشن کو شاباش دینی چاہیے جنہوں نے قومی سلامتی کو ترجیح دی ہے ۔ وزیراعظم کو اپنے موقف میں تبدیلی لانی چاہیے ، اپنی روش اور رویے کی وجہ سے قومی وحدت کو نقصان نہیں پہنچا ناچاہیے ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ جماعت اسلامی تحفظ پاکستان مہم کے ذریعے لاکھوں گھروں پر دستک دے گی اورمرد و خواتین، طلبہ، مزدوروں ، تاجر ، وکلا اورہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والوں کے پاس پہنچ کر قومی موقف پہنچائے گی ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ ایک طرف بھارت کا یہ رویہ ہے کہ وہ جیل کے اندر بند پاکستانیوں کو قتل کر رہاہے اور دوسری طرف کنٹرول لائن پر روزانہ عام شہریوں پر حملے کر رہاہے ۔ کنٹرول لائن پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے پاک فوج کے شہید ہو نے والے جوان ہمارے لیے فخر اور سروں کے تاج ہیں ، ہم اس واقعے پر بھارت کی مذمت کرتے ہیں۔ پروگرام میں احمد سلمان بلوچ ، حاجی ریاض ، محسن بشیر ، مفتی عمر و دیگر بھی موجود تھے ۔