نیوزی لینڈ نے بنگلہ دیش کو پہلے ٹیسٹ میں اننگز اور 52 رنز سے ہرا دیا

127

 

ہملٹن(جسارت نیوز) نیوزی لینڈ نے بنگلا دیش کو پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں یکطرفہ مقابلے کے بعد اننگز اور 52 رنز سے ہرا کر3 میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی، بنگلا دیشی ٹیم دوسری اننگز میں 429 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، سومیا سرکار اور محموداللہ نے انتہائی شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کیویز بولرز کی خوب درگت بنائی لیکن دونوں کھلاڑیوں کی مزاحمتی سنچریاں بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکیں، سرکار 149 اور محموداللہ 146 رنز بنا کر نمایاں رہے، بولٹ نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ولیمسن کو شاندار ڈبل سنچری بنانے پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔ گزشتہ روز ہملٹن ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز بنگلا دیشی ٹیم نے 174 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ پر دوسری ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو اسے اننگز کی شکست سے بچنے کیلئے مزید 307 رنز درکار تھے، سومیا سرکار 39 اور محموداللہ 15 رنز پر بیٹنگ کر رہے تھے، دونوں بلے بازوں نے انتہائی شاندار اور ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف بولرز کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور5ویں وکٹ کی شراکت میں 235 قیمتی رنز جوڑ کر ا سکور 361 رنز تک پہنچایا، اسی دوران دونوں بلے بازوں نے اپنی اپنی سنچریاں بھی مکمل کیں، 361 کے مجموعی اسکور پر بولٹ نے سومیا کو آؤٹ کر کے نہ صرف اہم پارٹنرشپ توڑی بلکہ ٹیم کو بڑی کامیابی بھی دلائی، انہوں نے 149 رنز کی دلکش اننگز کھیلی، لٹن داس 1 رن بنا کر چلتے بنے، مہدی حسن میراز بھی 1 ہی رن بنا سکے، انہیں واگنر نے نشانہ بنایا، ابوجاوید بھی محموداللہ کا ساتھ نہ دے سکے اور 3 رنز بنا کر بولٹ کی گیند پر بولڈ ہوئے، 429 رنزکے ا سکور پر بنگلا دیش کی آخری امید بھی دم توڑ گئی جب محموداللہ 146 رنز کی غیرمعمولی اننگز کھیلنے کے بعد ساؤتھی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، 429 رنزکے اسکور پر ہی بنگلا دیش کی آخری وکٹ گری جب عبادت حسین بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، اسطرح بنگلا دیش کو اننگز اور 52 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ بولٹ نے 5 ٹم ساؤتھی نے 3 اور نیل واگنر نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ واضح رہے کہ بنگلا دیشی ٹیم پہلی اننگز میں 234 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی، جواب میں نیوزی لینڈ نے 715 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ پر پہلی اننگز ڈیکلیئر کر کے حریف ٹیم کے خلاف مجموعی طور پر 481 رنز کی برتری حاصل کی تھی، بنگلا دیشی ٹیم دوسری اننگز میں 429 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔