کنٹرول لائن پر جھڑپیں جاری۔حوالدار عبدالرب فوجی اعزاز کیساتھ سپردخاک

145
ڈیرغازی خان : شہیدحوالدار عبدالرب کی نمازجنازہ ادا کی جارہی ہے
ڈیرغازی خان : شہیدحوالدار عبدالرب کی نمازجنازہ ادا کی جارہی ہے

ڈیرہ غازی خان/راولپنڈی(خبر ایجنسیاں) کنٹرول لائن پر وطن عزیز کے دفاع میں اپنی جان کی قربانی دینے والے پاک فوج کے سپاہی عبدالرب کو فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا جبکہ بھارتی فوج کی جانب سے کنٹرول لائن پر اشتعال انگیزی کا سلسلہ جاری ہے ، بھارتی فوج کی نکیال سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے 2 سپاہیوں حوالدار عبدالرب اور نائیک خرم شہید ہوگئے تھے۔وطن کی خاطر جان نچھاور کرنے والے دونوں سپاہی ڈیرہ غازی خان کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھتے ہیں، حوالدار عبدالرب شہید کا جسد خاکی تونسہ میں ان کے آبائی علاقے بستی نتکانی پہنچایا گیا تو علاقہ مکینوں نے ایمبولینس پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔ شہید کی نماز جنازہ میں پاک فوج کے افسرا ن ،جوانوں ، انتظامیہ ، لواحقین ، عزیز و اقارب اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ بعد ازاں شہید کو فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا، پاک فوج کے دستے نے شہید حوالدار عبدالرب کی میت کو سلامی پیش کی جبکہ وزیراعظم عمران خان اور سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ کی جانب سے پھول بھی رکھے گئے جبکہ شہید کے والدین نے کہا ہے کہ ان کے بیٹے نے بھارتی فوج کو کنٹرول لائن پر شکست دیتے ہوئے اپنی جان کی قربانی دی جس سے ہمارا سر فخر سے بلند ہوگیا ۔ دوسری جانب پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج مسلسل الرٹ اور چوکنا ہیں جبکہ پاک فوج نے بھارتی گولہ باری کا بھرپور جواب دیا تاہم گزشتہ 24 گھنٹوں میں فائرنگ کی شدت میں قدرے کمی آئی ۔ بھارتی فورسز کی جانب سے نیزہ پیر، جند روٹ اور باغ سر سیکٹر پر وقفے وقفے سے فائرنگ کی جاری ہے جس کا پاک فوج کی طرف سے مؤثر جواب دیا جارہا ہے۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاک فوج کی جانب سے بھرپور جوابی کارروائی کی جارہی ہے جس کے دوران بھارتی چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا گیا۔