اے بی ڈیویلیئر پاکستان سپر لیگ سے باہر، پاکستان نہیں آئیں گے

152

لاہور قلندرز کے اسٹار بلے باز اے بی ڈیویلیئرز انجری کے باعث پاکستان سپر لیگ سے باہر ہوگئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائزلاہور قلندرز کی اگلے مرحلے میں پہنچنے کی امیدوں کو انتہائی بڑادھچکہ لگاہے ، لاہور قلندرز کو اپنے کپتان محمد حفیظ کے بعد ایک اور کپتان سے بھی محروم ہونا پڑگیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق جنوبی افریقا کے سابق کپتان اور لاہور قلندرز کی کپتانی کے فرائض انجام دینے والے جارح مزاج بلے باز اے بی ڈی ویلیئرز انجری کے باعث پی ایس ایل سے باہر ہوگئے ہیں اور یوں وہ ابو ظہبی اور کراچی میں ہونے والے میچز میں شریک نہیں ہوسکیں گے۔

جنوبی افریقی کھلاڑی کا کہنا تھا کہ پاکستانی شائقین کے سامنے نہ کھیلنے پر بہت مایوسی ہوئی، بدقسمتی سے میری کمر کی انجری کے باعث میں کراچی میں شیڈول میچز میں شریک نہیں ہوسکوں گا، مجھے ڈاکٹرز نے 2 ہفتہ آرام کا مشورہ دیا ہے لہذا میں بقیہ میچز میں شریک نہیں ہوں گا البتہ میری نیک خواہشات لاہور قلندرز کے ساتھ ہیں اور میں اگلے سال پاکستان ضرور آؤں گا اور وہاں بین القوامی کرکٹ کی واپسی میں اپنا کردار ادا کروں گا۔

دوسری جانب لاہور قلندرز کے منیجر ثمین رانا نے کہا کہ اے بی ڈی ویلیئرز کا کمر کی انجری کے باعث پی ایس ایل سے باہر ہونا بری خبر ہے اور پاکستان نہ آنا لاہور قلندرز کے مداحوں کے لیے مایوس کن ہے، ان کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہیں۔

35سالہ پروٹیز سٹار بیٹسمین کا لاہور قلندرز کی جانب سے7میچز کھیلنے کا معاہدہ تھا، وہ یو اے ای میں اپنے کنٹریکٹ کے مطابق میچز کھیلنے کے بعد دبئی سے رخصت ہوگئے تھے تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) اور لاہور قلندرز کی جانب سے خصوصی دعوت پر انہوں نے لاہور میں مزید دو میچز کھیلنے کے لیے حامی بھر لی تھی،اب پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے تمام میچز کراچی منتقل کیے جانے کے بعد اے بی ڈیویلیئرز نے بقیہ دو میچز کھیلنے سے معذرت کرلی ہے اور اب لاہور قلندرز کو اپنے آخر ی 2لیگ میچز میں ان کی خدمات حاصل نہیں ہو ں گی ۔

اے بی ڈیویلیئرز نے لاہور قلندرز کی جانب سے 7 میچز میں 54.20 کی او سط سے 218 رنز اسکور کیے جن میں ایک نصف سنچری بھی شامل تھی،ان کا سٹرائیک ریٹ 128.99 رہا۔

خیال رہےپاکستان سپر لیگ کے متحدہ عرب امارات میں میچز5مارچ کو اختتام پذیر ہوجائیں گے اور اس کے بعد آخری 4گروپ میچز،کوالیفائر،ایلیمینیٹر اور فائنل مقابلہ نیشنل ا سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا ،پی ایس ایل کے پاکستان میں میچز پہلے لاہور اور کراچی میں ہونا تھے تاہم حالیہ پاک بھارت کشیدگی کو مد نظر رکھتے ہوئے اب پاکستان کرکٹ بورڈ نے تمام 8میچزکراچی میں کروانے کا فیصلہ کیا ہے ۔