کراچی چیمبر کو کو ’’ سیلیکٹ یو ایس اے انویسٹمنٹ سمٹ 2019‘‘ میں شرکت کی دعوت

515
قائمقام صدر کراچی چیمبر خرم شہزادمریکی قونصلیٹ جنرل میں تعینات سینئر کمرشل آفیسر مارک روسل کوشیلڈ پیش کررہے ہیں
قائمقام صدر کراچی چیمبر خرم شہزادمریکی قونصلیٹ جنرل میں تعینات سینئر کمرشل آفیسر مارک روسل کوشیلڈ پیش کررہے ہیں

 

کراچی(اسٹاف رپورٹر)امریکا کے قونصلیٹ جنرل میں سینئر کمرشل آفیسر مارک روسل نے کراچی چیمبرآف کامرس انڈسٹری ( کے سی سی آئی ) کو ’’ سیلیکٹ یو ایس اے انویسٹمنٹ سمٹ 2019‘‘ میں شرکت کی دعوت دی ہے جو واشنگٹن ڈی سی میں10جون سے12جون2019 تک منعقد کی جائے گی۔سمٹ میں شرکت کے حوالے سے باضابطہ دعوت نامہ کراچی چیمبر کے قائمقام صدر خرم شہزاد کو کے سی سی آئی میں ہونے والے اجلاس کے دوران پیش کیا گیا جس میں نائب صدر آصف شیخ جاوید،سابق صدر کے سی سی آئی محمد ہارون اگر،سابق سینئر نائب صدر محمد ابراہیم کوسمبی اور امریکن قونصلیٹ کراچی کی کمرشل اسسٹنٹ تاشفین مہدی بھی شریک تھے۔امریکی سینئر کمرشل آفیسر نے تبادلہ خیال کرتے ہوئے بتایا کہ ’’ سیلیکٹ یو ایس اے انویسٹمنٹ سمٹ 2019‘‘سب سے بڑا ایونٹ ہے جو ایسے پاکستانی سرمایہ کاروں کو بہترین مواقع فراہم کرے گا جو امریکا کے ساتھ اپنے کاروبار کو بڑھانے کے خواہش مندہیں۔انھوں نے کہاکہ پاکستانی ادارے جو امریکی مارکیٹ میں رسائی چاہتے ہیں یا امریکا میں پہلے ہی موجود ہیں لیکن وہ اپنے کاروبار کو بڑھانے کے لیے نئے مواقع تلاش کرنا چاہتے ہیں وہ ’’ سیلیکٹ یو ایس اے انویسٹمنٹ سمٹ‘‘ میں شرکت کرکے ان مواقع کا جائزہ لے سکتے ہیں جو کمپنیوں کو سرمایہ کاری کے زیادہ سے زیادہ مواقع تلاش کرنے میں مددگار ثابت ہوگا، نیز امریکی بزنس پارٹنرز کے ساتھ رابطے استوار کرنے کا باعث بھی بنے گا۔انہوں نے کہاکہ یہ سمٹ صنعتی رجحان ، نئے مواقع اور امریکا کے کاروباری ماحول کے بارے میں جاننے کے لیے ایک مثالی پلیٹ فارم ہے جو شرکت کرنے والی کمپنیوں کو امریکا میں اپنے کاروبار کو توسیع دینے کے بارے میں جاننے کے مواقع فراہم کرے گا۔