جماعت اسلامی سندھ کے تحت کراچی تا کشمور پاکستان زندہ باد ریلیاں

176
بدین: جماعت اسلامی کے زیر اہتمام پاک افواج سے اظہار یکجہتی اوربھارتی جارحیت کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی جارہی ہے 
بدین: جماعت اسلامی کے زیر اہتمام پاک افواج سے اظہار یکجہتی اوربھارتی جارحیت کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی جارہی ہے 

کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کی اپیل پر پاک فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی اور بھارتی جارحیت کے خلاف ملک بھر کی طرح کراچی سمیت سندھ بھر میں ’’پاکستان زندہ باد‘‘ ریلیاں، مظاہرے اور عوامی اجتماعات منعقد کیے گئے جن سے صوبائی، ضلعی اور مقامی قیادت نے خطاب کیا، اس موقع پر مظاہرین کے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور بینر زتھے جن پر بھارت مردہ باد، پاک فوج زندہ باد، کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے درج تھے۔اس موقع پر رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت پاکستان کے خلاف جارحیت کرکے کشمیر سے توجہ ہٹانا اور اپنے مظالم پر پردہ ڈالنا چاہتا ہے ،بھارتی فوج نے ایک کروڑ سے زائد مسلمانوں کے لیے کشمیر کو جہنم میں تبدیل کردیا ہے ، پاک فوج اور حکمرانوں کو چاہیے کہ بھارت سے امن کے لیے اپیلیں کرنے کے بجائے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو آزادی دلائیں۔ جماعت اسلامی ضلع بدین کی جانب سے افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی اور بھارتی جارحیت کے خلاف گولارچی پریس کلب پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ، مظاہرے میں جے آئی یوتھ ،اسلامی جمعیت طلبہ،جمعیت طلبہ عربیہ ،جماعت اسلامی کے کارکنان سمیت شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی، مظاہرے سے جماعت اسلامی ضلع بدین کے امیر غلام رسول احمدانی و دیگر نے خطاب کیا ۔جیکب آباد میں چیمبر آف کامرس، جماعت اسلامی، ہندو پنچایت، اقلیتی،سماجی و سیاسی تنظیموں، جے یو آئی،پی پی شہید بھٹو، پی ٹی آئی کی مشترکہ ریلی شہر کے مختلف شاہراہوں اور چوراہوں سے گزرتی ہوئی پریس کلب پہنچی ۔ ریلی سے صدر چیمبرس آف کامرس احمد علی بروہی، امیر جماعت اسلامی ضلع جیکب آباددیدار علی لاشاری، مولانا عبدالحفیظ، جنرل سیکرٹری چیمبرآف کامرس حاجی یوسف میمن ،صدر فوٹو اسٹیٹ یونین انجینئر اعجاز میمن ،صدر ہندو پنچایت لال چند سیتلانی ، صدر الیکٹرونک مارکیٹ سری چند، جے یو آئی کے رہنما حافظ میر محمد کے علاوہ دیگر پارٹیوں کے رہنماؤں بھی نے خطاب کیا۔جماعت اسلامی ٹنڈوآدم کی جانب سے بھارتی جارحیت کے خلاف اور پاک فوج کی حمایت میں پریس کلب ٹنڈوآدم کے سامنے ایک بڑا مظاہرہ کیا گیاجس سے جماعت اسلامی کے رہنماؤں عبدالعزیز غوری، مشتاق احمد عادل،حاجی نور حسن و دیگر نے خطاب کیا۔دریں اثنا جماعت اسلامی تھرپارکر کے تحت مٹھی، نواب شاہ، کندھ کوٹ سمیت دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں بھی احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں۔