بھارتی سیاستدان نے مودی کا پول کھول دیا

181

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق آندھرا پردیش کی سیاسی جماعت ’جن سینا‘ قائم کرکے اداکار سے سیاستدان بننے والے پون کلیان نے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھ سے دو سال قبل کہا گیا تھا کہ لوک سبھا کے انتخابات سے قبل جنگ ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ میری اس بات سے آپ سمجھ سکتے ہیں کہ ملک میں آج ایسے حالات کیوں ہیں؟ انہوں نے کہا کہ سی آر پی ایف کے قافلے پر خود کش حملے کے بعد سے یہ حالات پیدا ہوئے ہیں۔

پون کلیان نے کہا کہ جنگ کسی مسئلہ کا حل نہیں ہے اور اس سے دونوں ملکوں کا نقصان ہوگا۔ بھارت کی حکمران جماعت کو سخت نکتہ چینی کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بی جے پی اس طرح ظاہر کرتی ہے کہ جیسے اس کے علاوہ کوئی دوسرا محب وطن ہی نہیں ہے۔

پون کلیان نے کہا کہ حب الوطنی صرف بی جے پی کی میراث نہیں ہے۔ ان کا دعویٰ تھا کہ ہم بی جے پی سے دس گنا زیادہ محب وطن ہیں اور جذبہ حب الوطنی سے سرشار ہیں۔

جنوبی ہندوستان کے معروف اداکار چرنجیوی کے چھوٹے بھائی پون کلیان نے کہا کہ مسلمانوں کو اپنی حب الوطنی ثابت کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔