اسلام آباد ہائیکورٹ کے سامنے رکھے گئے بلاکوں نے 3 افراد کی جان لے لی

165

وفاقی دارالحکومت میں ہائی کورٹ کے سامنے رکھے گئے بلاکوں سے سامان شفٹ کرنے والی سوزکی ٹکرا گئی جس سے تین افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے اور ایک زخمی ہے۔

واقعہ تھانہ رمنا کی حدود میں پیش آیا۔ سامان شفٹ کرنے والی سوزکی رات گیارہ بجے ہائی کورٹ کے سامنے رکھے گئے بلاکوں سے ٹکرا گئی تھی۔حادثہ اوور سپیڈنگ اور روڈ پر بلاکوں کے نصب ہونے کے باعث پیش آیا۔

مقامی افراد نے ریسکیو 1122 کو کال پر اطلاع دی۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہیں ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں۔ تین افراد کی میتیں اور ایک زخمی کو پمز اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔حادثہ کے نتیجہ میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت عثمان، محمد ضیا اور عبدالرحمن کے نام سے ہوئی ہے۔ حادثہ میں عبدالشکور نامی شخص شدید زخمی ہوا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پمز اسپتال منتقل کیے گئے زخمی کی حالت بھی تشویشناک ہے۔وفاقی دارالحکومت میں سیکیورٹی کے پیش نظر اہم عمارات کے سامنے بلاکس رکھے گئے ہیں لیکن یہ بلاکس رات کی تاریکی میں حادثات کا سبب بھی بن رہے ہیں۔