دہلی: حملوں کا بہانہ بناکر میٹرواسٹیشنوں اور ہوٹلوں کی تلاشی

132
نئی دہلی: پولیس کھوجی کتے کے ساتھ ریلوے اسٹیشن پر گشت کررہی ہے‘ سڑکوں پر فوج تعینات ہے 
نئی دہلی: پولیس کھوجی کتے کے ساتھ ریلوے اسٹیشن پر گشت کررہی ہے‘ سڑکوں پر فوج تعینات ہے 

نئی دہلی (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارت میں سیکورٹی اور عوامی مقامات پر حملوں کا بہانہ بنا کر عوامی مقامات پر دھاوے اور تلاشی کی کرروائیاں شروع کردی گئی ہیں۔ بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق بھارتی ایجنسیوں نے خفیہ اطلاعات ملنے کا دعویٰ کیا ہے، جس کی بنیاد پر دہلی، ممبئی،حیدرآباد، چنئی اور بنگلور میں اسپیشل سیکورٹی فورس ہائی الرٹ کردی گئی ہے جبکہ دہلی کے تمام ریستوران اور گیسٹ ہاؤسز میں تلاشی اور تفتیشی مہم کا بھی آغاز کردیا گیا ہے۔ دہلی پولیس ذرائع کے مطابق ملٹی پلیکس، ریلوے اسٹیشن یا بس اسٹیشن کے علاوہ آئی جی آئی ائر پورٹ کے اندر یا باہر دہشت گردانہ حملے کا خدشہ ہے، جس میں حملہ آورفائرنگ یا دھماکا خیز مواد کا استعمال کرسکتے ہیں۔ مصروف ترین علاقے پہاڑ گنج، کرول باغ اور مہیپالپور کے تمام گیسٹ ہاؤسز میں ٹھہرنے والے افراد کے بارے میں پوچھ گچھ اور ان کی نگرانی شروع کردی گئی، اس حوالے سے مزید بتایا گیا ہے کہ دہلی، یوپی اور ہریانہ کی پولیس باہمی تعاون سے تفتیشی مہم جاری رکھے ہوئے ہے۔ سوشل میڈیا پر جاری سرگرمیوں پر نظر رکھنے کے لیے اسپیشل سائبر سیل کو بھی الرٹ کردیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ سیکورٹی ایجنسیوں سے ملنے والی خفیہ اطلاعات کی بنیاد اور حکومت کی ہدایت پر میٹرواسٹیشن پر الرٹ جاری کیا گیا ہے۔