نیول چیف کا امن مشقوں میں شریک غیر ملکی بحری جہازوں کا دورہ 

45
کراچی، نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی کثیرالملکی امن مشق 2019 میں شریک چینی سینئر، کمانڈنگ افسران کا استقبال کررہے ہیں

اسلام آباد (آئی این پی) چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباّسی نے کثیرالملکی مشق امن 19 میں شریک مختلف غیر ملکی بحری جہازوں کا دورہ کیا، نیول چیف کی آمد پر متعلقہ جہازوں کے سینئر کمانڈنگ افسران نے اُن کا استقبال کیا اورجہازپر موجودچاق و چوبند دستوں نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا،تفصیلات کے مطابق اتوار کو نیول چیف نے آسٹریلیا، چین، اٹلی، ملائیشیا، عمان،سری لنکا، ترکی اور برطانیہ کے شریک جہازوں کا دورہ کیا جہاں انہوں نے متعلقہ سینئر/کمانڈنگ افسران سے ملاقات بھی کی،نیول چیف کو جہازوں کے عملے کی جانب سے بریفنگ بھی دی گئی، ملاقات کے دوران ہونے والی گفتگو میں نیول چیف نے کہا کہ اسٹریٹجک اہمیت کے حامل اس خطے میں پاک بحریہ ہمیشہ مشترکہ سیکورٹی کے فروغ کی کوششوں میں پیش پیش رہی ہے اور امن مشقیں بھی اسی نظر یے پر منعقد کی جاتی ہیں،نیول چیف نے مزید کہا کہ یہاں بننے والے دوستانہ تعلقات مستقبل میں مزید مستحکم ہوں گے اور علاقائی امن و ترقی کے مشترکہ ہدف کے حصول کے لیے ہمیں قریب لائیں گے، انہوں نے مشق امن میں شرکت اور” امن کے لیے متحد” کے مشترکہ عزم میں ساتھ دینے پر تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔