کراچی کنگز کے اعزاز میں عارف حبیب کا استقبالیہ

64

کراچی (اسٹا ف رپورٹر)عارف حبیب گروپ نے اتوار کے روز نیا ناظم آباد اسٹیڈیم میں کراچی کنگز کے کھلاڑیوں کے اعزاز میں استقبالیہ دیا جس کے بعد ٹیم پاکستان سپر لیگ (PSL) کا سیشن4 کھیلنے کے لیے دبئی روانہ ہو گئی۔استقبالیہ تقریب میں وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا،وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ کمیونیکیشنز ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، مےئر کراچی وسیم اختر،کمشنر کراچی افتخار شالوانی،سندھ کے وزیر بلدیات سعید غنی اور پی ایس ایکس، ایوان صنعت و تجارت کراچی کے نمائندوں اور کرکٹ کے شائقین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

کراچی کنگز کے اونر، سلمان اقبال جب کراچی کنگز کے صدر وسیم اکرم؛ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور ایمان وسیم(کیپٹن)، محمد عامر، رضوان، عثمان خان شنواری اورکراچی کنگز کے دیگر کھلاڑیوں کے ساتھ اسٹیڈیم میں داخل ہوئے تو ان کا پرجوش خیر مقدم کیا گیا۔ اس موقع پر عارف حبیب گروپ کے چےئرمین، عارف حبیب نے ٹیم کی کامیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور کہا کہ کراچی کنگز انشاللہ کامیابی حاصل کرے گی کیونکہ اس میں مضبوط کھلاڑی شامل ہیں اور کراچی کے لاکھوں لوگ اس کی کامیابی کے لیے دعا کر رہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ کرکٹ ایک پر جوش کھیل ہے اور پوری قوم اس سے محبت کرتی ہے۔انھوں نے کرکٹ لیگ منظم کرنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کو مبارک باد دی اور کہا کہ پی ایس ایل نے نوجوان کھلاڑیوں کو بین الاقوامی کھلاریوں کے ساتھ کھیلنے کا موقع فراہم کیا ہے۔

فیصل واوڈا نے کرکٹ کی خدمت کرنے اور کراچی کنگز کے اعزاز میں اتنی شاندار استقبالیہ تقریب منعقد کرنے پر عارف حبیب کی تعریف کی ۔انھوں نے کہا کہ وہ کراچی والے کی حیثیت سے سے کراچی اور اس کی ٹیم کی حمایت کرتے ہیں اور ان کی خواہش ہے کہ یہ ٹیم PSL-4 ٹرافی جیتے گی۔

ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کراچی میں کرکٹ کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کی کوششوں پر عارف حبیب اور سلمان اقبال کی کوششوں کو سراہا اور ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

مےئر کراچی وسیم اختر اور کمشنر کراچی افتخار شالوانی نے بھی ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔

سعید غنی نے کراچی کنگز کی حمایت کی اور کہا کہ پی ایس ایل کے پچھلے تین ایڈیشنز کے بر عکس اس سال ان کے صاحبزادے اور وہ خود ایک ہی ٹیم یعنی کراچی کنگز کی حمایت کریں گے۔

کراچی کنگز کے اونر سلمان اقبال نے کہا کہ کراچی کے لوگوں کی محبت اور حمایت ہر چیز پر حاوی ہے ۔پی ایس ایل ایک میگا ایونٹ ہے جس سے کرکٹ کے شائقین کو اچھا کھیل دیکھنے کو ملے گا۔

انھوں نے کہا کہ ان کی فرنچائز نے ٹیلنٹ ہنٹ کے سلسلے میں اندرون سندھ کے مختلف شہروں کا دورہ کیا اور وہاں سے دو کھلاروں کو منتخب کیا جو پی ایس ایل میں بین الاقوامی کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلتے نظر آئیں گے۔