لاہور قلندر کے اونر فواد رانا کا عمیر ثناء فاؤنڈیشن کا دورہ،تھیلے سیمیا کے بچوں سے ملاقات

250

کراچی(اسٹاف رپورٹر)لاہور قلندر کے اونر فواد رانا نے عمیر ثناء فاؤنڈیشن کا دورہ کیا،تھیلے سیمیا کے بچوں ،ان کے والدین سے ملاقات کی اور ڈے کیئر میں زیر علاج تھیلے سیمیا کے مریضوں کی خیریت دریافت کی۔انہوں نے تھیلے سیمیا کے بچوں کے ہمراہ کیک بھی کاٹا۔اس موقع پر معروف ماہرِ امراض خون وعمیر ثناء فاؤنڈیشن کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر ثاقب حسین انصاری،معروف اینکر یحییٰ حسینی اور دیگر بھی موجود تھے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے فواد رانا نے کہا کہ آج خود کو تھیلے سیمیا کے بچوں کے ہمراہ پا کر بے حد خوشی محسوس کر رہا ہوں،میں تھیلے سیمیا کے حوالے سے کوئی بھی کام کر سکوں تو اس کے لیے میں حاضر ہوں۔انہوں نے کہا کہ تھیلے سیمیا ایمبیسیڈر بننا میرے لیے باعثِ فخر ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ایک لاکھ سے زائد بچے تھیلے سیمیا کے مرض میں مبتلا ہیں،جس طرح نوجوان کرکٹ سے محبت کرتے ہیں،جب کھیلاڑی کھیلتا ہے تو لوگ آپس میں جڑ جاتے ہیں،اسی طرح میں ان نوجوانوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اس مرض کے خاتمے کے لیے بھی اپنا کردار ادا کریں اور تھیلے سیمیا کے بچوں کے لیے اپنے خون کا عطیہ دیں،

تھیلے سیمیا کے بچوں کو آپ کی ضرورت ہے،یہ بچے بھی بڑے ہو کر ڈاکٹر انجینئر بن سکتے ہیں۔میں نوجوانوں سے یہ بھی گزارش کروں گا کہ وہ اس مرض کو روکنے کے لیے شادی سے قبل اپنا تھیلے سیمیا کا ٹیسٹ ضرور کروائیں۔انہوں نے کہا کہ بلا شبہ عمیر ثناء فاؤنڈیشن ملک سے تھیلے سیمیا کے خاتمے کا جو کام کر رہی ہے وہ لائقِ تحسین ہے۔

ڈاکٹر ثاقب حسین انصاری نے فواد رانا کی عمیر ثناء آمد اور تھیلے سیمیا کے بچوں سے ملاقات پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہر فرد جو اپنا دائرہ اثر رکھتا ہے وہ اگر تھیلے سیمیا سے متعلق آگاہی بیدار کرنا شروع کر دے تو وہ دن دور نہیں جب پاکستان کواس مرض سے محفوظ بنایاجاسکے۔