حکومت کے معیشت سے متعلق فیصلوں کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں،رزاق داؤد

121

وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت عبد الرزاق داؤد نے کہا ہے کہ نئی حکومت کے معیشت سے متعلق فیصلوں کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔

اسلام آباد میں سیکریٹری تجارت یونس ڈھاگہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد کا کہنا تھا کہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) سے مذاکرات میں بجلی اور گیس کی قیمت بڑھانے کی کوئی بات نہیں کی گئی اور نہ ہی آئی ایم ایف کی جانب سے ایسی کوئی شرط عائد کی گئی ہے۔

عبدالرزاق داؤد کا کہنا تھا کہ ہماری پالیسی ٹھیک ہے اور معیشت کی گاڑی بالکل ٹھیک چل رہی ہے،جس کی وجہ سےتجارتی خسارے میں کمی آئی ہے۔انہوں نےکہا کہ مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں بر آمدات میں 4 فیصد اضافہ ہوا جبکہ در آمدات میں 7 فیصد کمی واقع ہوئی، حالیہ روپے کی قدر میں پیش آنے والی کمی سے آئندہ 5 ماہ میں مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔

مشیر تجارت نے بتایا کہ تمام غیر ضروری اشیا کی در آمد پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر بر آمدات میں اضافے کی یہی رفتار رہی تو ہم معیشت کے حوالے سے جلد اپنے اہداف حاصل کرلیں گے۔

اس موقع پر سیکریٹری تجارت یونس ڈھاگہ نے بتایا کہ غذائی اشیا اور ٹیکسٹائل کی بر آمدات میں نمایاں بہتری آئی ہے اور گزشتہ 3 سے 4 ماہ میں برآمدات میں 2 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ جنوری میں تجارتی خسارے میں کمی آئی ہے۔ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ حکومت متبادل ذرائع سے بجلی پیدا کرنے پر توجہ دے رہی ہے۔