کراچی میں 46 ممالک کی افواج پر مشتمل بحری مشقوں کا آغاز

61
کراچی: پاک بحریہ کے زیر اہتمام امن مشق2019ء میں حصہ لینے والے46ممالک کے آفیشلز کا گروپ فوٹو
کراچی: پاک بحریہ کے زیر اہتمام امن مشق2019ء میں حصہ لینے والے46ممالک کے آفیشلز کا گروپ فوٹو

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی میں پاک بحریہ کی چھٹی کثیرالملکی امن مشقوں کا آغاز ہوگیاہے، پاکستان سمیت 46 ممالک کی بحری افواج عسکری اثاثوں سمیت مشقوں میں شریک ہیں، کمانڈرپاکستان فلیٹ کا کہنا ہے کہ ہمیں گوادر پورٹ اورسی پیک سمندری راستوں کی حفاظت کرنا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاک بحریہ کی کثیرالملکی امن مشقوں 2019 ء کا آغاز ہوگیا ، پروقار تقریب کی ابتدا میں پرچم کشائی کی گئی اور 46 ممالک کے جھنڈے لہرائے گئے، کمانڈر پاکستان فلیٹ وائس ایڈمرل امجد خان نیازی مہمان خصوصی تھے۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق 2007ء سے پاک بحریہ مشقوں کی میزبانی کررہی ہے، امن مشقوں میں آرمی، پاک فضائیہ بھی شریک ہیں، 8 تا 10 فروری ہاربر فیز اور 11 ،12 فروری کو سی فیز ہوگا۔ترجمان کا کہنا ہے کہ امن مشق علاقائی بحری امن واستحکا م کی ضامن ہیں اور یہ مشق میری ٹائم تحفظ کے فروغ کے لیے اہم ہیں۔ کمانڈرپاکستان فلیٹ وائس ایڈمرل امجدخان نیازی کا کہنا ہے کہ قومی سلامتی اوراقتصادی سرگرمیوں کے لیے سمندری حدود کا تحفظ ناگزیر ہے، بحری تجارتی راستوں کو درپیش خطرات سے نمٹنا ہوگا۔ کمانڈر پاکستان فلیٹ نے مزید کہا کہ ہمیں گوادر پورٹ اورسی پیک سمندری راستوں کی حفاظت کرناہے، چین سے مزید 8 جدید ترین آبدوزیں حاصل کی جارہی ہیں اور ترکی سے بھی جدید جنگی بحری جہازحاصل کیے جارہے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت کے مذموم مقاصد سے آگاہ ہیں اور نمٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ مشقوں کے موقع پر سربراہ پاک بحریہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ دنیا بھرسے آنے والے مہمانوں کاشکریہ ادا کرتے ہیں، جدید دور کے چیلنجز کا تقاضا ہے کہ مل کر مقابلہ کیاجائے۔یاد رہے گزشتہ روز پاک بحریہ نے کثیرالملکی بحری مشق امن 19 کا خصوصی نغمہ ہم متحد ریلیز کیا تھا ،یہ خصوصی نغمہ اردو اور انگریزی زبانوں میں گایا گیا۔