بھارت کو نیوزی لینڈ کے ہاتھوں پہلے ٹی ٹوئنٹی میں بد ترین شکست 

217
ویلنگٹن: نیوزی لینڈ کے بلے باز ٹم سیفرٹ بھارت کیخلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میں شاٹ کھیلتے ہوئے
ویلنگٹن: نیوزی لینڈ کے بلے باز ٹم سیفرٹ بھارت کیخلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میں شاٹ کھیلتے ہوئے

ویلنگٹن (جسارت نیوز) ٹم سیفرٹ کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت نیوزی لینڈ نے بھارت کو پہلے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں یکطرفہ مقابلے کے بعد 80 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔ میزبان ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 219 رنز بنائے، سیفرٹ نے 6 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 84 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، جواب میں بھارتی ٹیم ہدف کے تعاقب میں 19.2 اوورز میں 139 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ کیویز بولرز کی نپی تلی بولنگ کے سامنے بھارت کا کوئی بھی کھلاڑی زیادہ دیر تک وکٹ پر نہ ٹھہر سکا، 7 کھلاڑی دوہرا ہندسہ عبور کرنے میں ناکام رہے، دھونی 39 رنز بنا کر نمایاں رہے، ساؤتھی نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، سیفرٹ کو عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔ بدھ کو ویلنگٹن میں کھیلے گئے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھارتی قائد روہت شرما نے ٹاس جیت کر پہلے بولرز کو آزمانے کا فیصلہ کیا جو ان کیلیے مہنگا ثابت ہوا، میزبان ٹیم نے پہلے کھیلے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 219 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، ٹم سیفرٹ اور کولن منرو نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے حریف بولرز کی خوب دھنائی کی اور انہوں نے ٹیم کو 86 رنز کا جاندار آغاز فراہم کیا، یہاں پر کرونل پانڈیا نے منرو کو آؤٹ کر کے ٹیم کو پہلی کامیابی دلائی، انہوں نے 34 رنز بنائے، 134 کے اسکور پر نیوزی لینڈ کی دوسری وکٹ گری جب سیفرٹ جو کہ جارحانہ بیٹنگ کر رہے تھے 84 رنز بنانے کے بعد خلیل احمد کی گیند پر بولڈ ہوئے، ڈیرل مچل 8 رنز بنا کر چلتے بنے، کپتان کین ولیمسن 34 رنز بنا کر چھاہل کی گیند کا نشانہ بنے، کولن ڈی گرینڈ ہوم 3 رنز بنا سکے، روز ٹیلر نے 23 رنز بنائے، کوگلجین 20 اور مچل سینٹنر 7 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، ہرڈک پانڈیا نے 2 جبکہ کرونل پانڈیا، بھنشور کمار، خلیل احمد اور یزوندرا چھاہل نے ایک، ایک وکٹ لی۔ جواب میں بھارتی ٹیم ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور آخری اوور کی دوسری گیند پر 139 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، 18 کے اسکور پر ساؤتھی نے روہت شرما کو آؤٹ کر کے حریف ٹیم پر دباؤ بڑھا دیا جس کے بعد کوئی بھی کھلاڑی کھل کر نہ کھیل سکا، شرما 1، شیکھر دھون 29رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ساؤتھی نے 3، فرگوسن، سینٹنر اور آئش سودھی نے 2، 2 اور ڈیرل مچل نے ایک وکٹ لی۔